لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دیوالی کے موقع پر ریاستی حکومت کے ملازمین کو مالی سال 2024-25 کے لیے بونس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ مالیات کی جانب سے جاری حکم کے تحت ریاستی حکومت کے ملازمین کے لیے بونس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ملازمین کو کتنا بونس ملے گا؟
یہ بونس ماہانہ مراعات کی زیادہ سے زیادہ حد 7,000 روپے کے حساب سے 30 دن کی مراعات کے آکلن پر دیا جائے گا۔ ہر اہل ملازم کو 6,908 روپے کا فائدہ حاصل ہوگا۔
۔14.82 لاکھ ملازمین کو ہوگا فائدہ
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیوالی سے قبل دیا گیا یہ مالی فائدہ ملازمین کے خاندانوں کے لیے خوشی اور جوش و خروش کا باعث بنے گا اور انتظامیہ و حکومت میں نئی توانائی پیدا کرے گا۔ اس فیصلے سے ریاستی حکومت کے تقریباً 14 لاکھ 82 ہزار ملازمین کو فائدہ ہوگا، جبکہ ریاستی خزانے پر کل خرچ تقریباً 1,022 کروڑ روپے آئے گا۔
راجستھان حکومت نے بھی دیوالی بونس کا اعلان کیا
آج ہی راجستھان حکومت نے سرکاری ملازمین کو دیوالی پر بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔ منگل کے روز ریاست کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے دیوالی کے موقع پر ریاستی حکومت کے تقریباً 6 لاکھ ملازمین کے لیے ایڈہاک بونس دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بونس تنخواہی سطح ایل -12 یا 4,800 روپے یا اس سے کم گریڈ پے والے ملازمین کو بھی دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہر اہل ملازم کو زیادہ سے زیادہ 6,774 روپے کا ایڈہاک بونس دیا جائے گا۔
سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری ، سی ایچ جی ایس کے تحت علاج کی شرحوں میں بڑی تبدیلی
مرکزی حکومت نے اپنے ملازمین کو دیوالی کا تحفہ دیتے ہوئے بونس اور مہنگائی الاؤنس میں اضافہ کیا ہے۔ حکومت نے ڈی اے میں 3 فیصد کا اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ملازمین کا ڈی اے 55 فیصد سے بڑھ کر 58 فیصد ہو گیا ہے۔ یہ اضافہ 1 جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا، یعنی اکتوبر کی تنخواہ میں پچھلے تین مہینوں کا ڈی اے ایریئر کے طور پر شامل کر کے دیا جائے گا۔