یوپی:تبدیلی مذہب کرانے کا الزام، چھانگر بابا گرفتار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2025
یوپی:تبدیلی مذہب کرانے کا الزام، چھانگر بابا گرفتار
یوپی:تبدیلی مذہب کرانے کا الزام، چھانگر بابا گرفتار

 



لکھنؤ:اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ سے ایک سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے جہاں یوپی اے ٹی ایس نے غیر قانونی مذہب تبدیلی کے الزام میں جمال الدین عرف چھانگر بابا کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک منظم گروہ کے ذریعے نہ صرف تبدیلی مذہب کرائی بلکہ غریبوں، خواتین اور خاص طور پر پسماندہ طبقات کو نشانہ بنا کر دھمکی، لالچ اور برین واش کے ذریعے اپنا مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔

جمال الدین عرف چھانگر بابا، ضلع بلرام پور کے اُترولا تھانہ حلقے کے گاؤں مدھ پور کے رہائشی ہیں۔ اے ٹی ایس کے مطابق وہ گزشتہ کئی برسوں سے اسی علاقے میں سرگرم تھے۔ تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ چھانگر بابا کے ساتھ ممبئی کے رہائشی — نوین گھنشیام، ان کی بیوی نیتو روہرا اور بیٹی سمالیہ روہرا — بھی مقیم تھے۔ تینوں سندھی ہندو تھے، جنہیں چھانگر بابا نے مبینہ طور پر اسلام قبول کروایا۔

اسلام قبول کرنے کے بعد ان کے نام بدل کر جمال الدین، نسرین اور سبیحہ رکھے گئے۔ یہ تمام افراد چھانگر بابا کے ساتھ چاند اولیاء درگاہ کے قریب رہتے تھے۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ چھانگر بابا نے ایک کتاب "شجرۂ طیبہ" بھی چھپوائی ہے جسے اسلام کی تبلیغ اور تبدیلی مذہب کے لیے استعمال کرتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کتاب کے ذریعے لوگوں کا ذہن بدلنے کی کوشش کی جاتی تھی۔

غور طلب ہے کہ شجرہ صوفی سلسلوں کی وہ کتاب ہے جس میں صوفیہ کرام کے نام ہوتے ہیں اور اوراد وظائف ہوتے ہیں جو صوفیہ اپنے مریدین کو دیتے ہیں۔ پولس کا دعویٰ ہے کہ لکھنؤ کی رہائشی گنجا گپتا کو ایک شخص ابو انصاری نے ہندو نام "امت" رکھ کر محبت کے جال میں پھنسایا، اور پھر اسے چھانگر بابا کی درگاہ پر لے جایا گیا۔

وہاں نیتو عرف نسرین اور نوین عرف جمال الدین نے مبینہ طور پر گنجا کا برین واش کیا اور خوشحال زندگی کا خواب دکھا کر اسلام قبول کروایا۔ اس کا نام بعد میں علینہ انصاری رکھ دیا گیا۔ یوپی اے ٹی ایس کے حوالے سے میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس گروہ کے ارکان نے تقریباً 40 مرتبہ اسلامی ممالک کا سفر کیا ہے۔ مزید یہ کہ ان کے 40 سے زیادہ بینک اکاؤنٹس مختلف ناموں اور اداروں کے تحت کھولے گئے تھے، جن میں تقریباً 100 کروڑ روپے کی لین دین کی گئی ہے۔

یہ گروہ غریب، بے سہارا، اور پسماندہ افراد کو یا تو لالچ دے کر یا عدالتی مقدمات میں پھنسنے کی دھمکی دے کر مذہب تبدیلی کے لیے مجبور کرتا تھا۔ کیس کے اہم ملزمان ہیں جمال الدین عرف چھانگر بابا ، محبوب ، پنکی ہریجن ، حاضرا شنکر ، ایمین رضوی (مبینہ صحافی) ، سغیر اور نیتو روہرا۔