گری راج سنگھ نے اسد الدین اویسی پر تنقید کی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-09-2025
گری راج سنگھ نے اسد الدین اویسی پر تنقید کی
گری راج سنگھ نے اسد الدین اویسی پر تنقید کی

 



بیگوسرائے/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے جمعہ کو آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی پر مسلمانوں کو بھڑکانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اویسی اور کانگریس ہندوستان میں "خانہ جنگی" چاہتے ہیں۔  گریراج سنگھ نے کہا کہ وہ مسلمانوں کے لیڈر ہیں۔ وہ مسلمانوں کو بھڑکاتے ہیں۔ وہ اور کانگریس صرف خانہ جنگی چاہتے ہیں۔ وہ غزوۂ ہند کے حامی ہیں اور ملک کو ٹکڑوں میں بانٹنا چاہتے ہیں۔ لیکن ایسا نہیں ہونے والا۔ ہمارے آبا و اجداد نے 1948 میں غلطی کی۔ اگر اس وقت اویسی جیسے لوگوں کو پاکستان بھیج دیا جاتا اور پاکستان سے ہندوؤں کو یہاں لایا جاتا تو آج وہ یہاں پیدا ہی نہ ہوتے۔
سنگھ کا یہ بیان اویسی کی بیگوسرائے میں ہونے والی انتخابی ریلی سے پہلے سامنے آیا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ 24 ستمبر سے 27 ستمبر تک بہار کے دورے پر ہیں تاکہ اپنی پارٹی کے لیے حمایت حاصل کر سکیں۔
اس سے قبل گریراج سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ اویسی بہار میں ریلیاں دراصل دراندازوں کی حفاظت کے لیے کر رہے ہیں۔
منگل کوسنگھ نے دعویٰ کیا کہ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کی "ووٹر ادھیکار یاترا" کے بعد اویسی کا چار روزہ دورہ دراصل بنگلہ دیشی اور روہنگیا پناہ گزینوں کو بچانے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے راہل گاندھی اور تیجسوی یادو نے ایس آئی آر کے نام پر ایک یاترا نکالی تھی، جس کا مقصد دراندازوں کو بچانا تھا۔ اب اویسی آ رہے ہیں... یہ سب لوگ آتے ہیں تاکہ بنگلہ دیشیوں اور روہنگیا کو بچا سکیں۔
مزید سنگھ نے کہا کہ بہار میں این ڈی اے حکومت نے مسلم برادری کے لیے کام کیا ہے، جیسے قبرستانوں کے گرد باڑ لگانا اور مالی امداد فراہم کرنا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک مسلمانوں کا سوال ہے، نتیش کمار اور نریندر مودی نے مسلمانوں کے لیے جو کچھ کیا ہے، وہ اس ملک میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ نتیش کمار کے علاوہ کیا لالو جی نے قبرستانوں کی باڑ بندی کرائی؟ کیا مسلم لڑکیوں اور لڑکوں کو وظیفہ دیا؟ وہ کیا انصاف دیں گے؟ یہ لوگ صرف بھڑکانے کے لیے آتے ہیں۔
خیال رہے کہ بہار میں اسی سال بعد ازاں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے ابھی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔