نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 8 اگست سے تمل ناڈو اور پڈوچیری کے دو روزہ دورے پر رہیں گے۔ حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ اپنے دورے کے دوران وہ مشہور مندروں میں پوجا کریں گے اور سرکاری و عوامی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔
حکام کے مطابق ہفتہ کو امیت شاہ تمل ناڈو کے تروواناملائی کا دورہ کریں گے۔ ان کے شری رمنا مہارشی آشرم میں عبادت کرنے کے بعد ارولمیگو اروناچلیشور مندر میں درشن اور پوجا کرنے کا پروگرام ہے۔ وزیر داخلہ اتوار کو پڈوچیری میں رہیں گے۔ وہ پڈوچیری پولیس گراؤنڈ میں ’پڈوچیری پولیس‘ کو ’پریزیڈنٹس کلر‘ عطا کیے جانے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
پریزیڈنٹس کلر کسی فوجی یونٹ یا پولیس فورس کو ملک کے لیے کئی دہائیوں تک غیر معمولی اور بہادری پر مبنی خدمات انجام دینے کے اعتراف میں صدرِ ہندوستان کی جانب سے دیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز، یعنی خصوصی پرچم، ہے۔ حکام نے بتایا کہ امیت شاہ بعد میں مروگا تھیٹر سگنل پر ’ہر گھر ترنگا یاترا‘ کا بھی افتتاح کریں گے۔