نئی دہلی:لوک سبھا میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ پرانے عالمی نظام کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں امریکی بالادستی کو چیلنج درپیش ہے اور عالمی حالات جنگ کی سمت بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ توانائی اور مالیات کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا دور ہے۔
راہل گاندھی نے مارشل آرٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جوجِتسو میں گرفت نظر آتی ہے، مگر سیاست میں نظر نہیں آتی کہ دباؤ کہاں ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقتصادی سروے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دو باتیں نمایاں ہیں۔ پہلی یہ کہ دنیا میں جغرافیائی سیاسی مسابقت بڑھ رہی ہے۔ یعنی جو امریکا پر مبنی عالمی نظام تھا، اسے روس اور چین کی جانب سے دوبارہ چیلنج کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں توانائی اور مالیاتی نظام کو ہتھیار بنایا جا چکا ہے۔ ہم استحکام کی دنیا سے عدم استحکام کی دنیا کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وزیر اعظم اور قومی سلامتی کے مشیر نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ جنگ کا دور ختم ہو چکا ہے، لیکن یوکرین میں جنگ جاری ہے اور ایران میں بھی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اس سے واضح ہے کہ دنیا استحکام سے عدم استحکام کی جانب جا رہی ہے۔
#WATCH | In the Parliament, Lok Sabha LoP and Congress MP Rahul Gandhi says, "... We would not be made equal to Pakistan. If President Trump decided that the Pakistan Army Chief was going to have breakfast with him, then we would have something to say about that. Now what has… pic.twitter.com/U7LknKw6oF
— ANI (@ANI) February 11, 2026
راہل گاندھی نے کہا کہ ڈالر کو بھی چیلنج مل رہا ہے اور امریکی بالادستی کمزور ہو رہی ہے۔ اب دنیا دو یا اس سے زائد سپر پاورز کے دور میں داخل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سروے کی بات درست ہے کہ ان سب تبدیلیوں کے مرکز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا دور ہے۔ سب کہہ رہے ہیں کہ ہم اے آئی کے زمانے میں داخل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کا ایک نتیجہ یہ ہوگا کہ کانگریس کے دور میں قائم کیا گیا آئی ٹی ایکو سسٹم چیلنج کا سامنا کرے گا اور بہت سے انجینئرز کی ملازمتیں اے آئی کی وجہ سے متاثر ہو سکتی ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارے لوگ ہیں۔ 1.4 ارب افراد پر مشتمل آبادی باصلاحیت، توانائی سے بھرپور اور ذہین ہے، جو کسی کو بھی چیلنج کر سکتی ہے۔ لیکن طاقت صرف عوام تک محدود نہیں۔ ہمارے پاس ڈیٹا کا ایک بہت بڑا ذخیرہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب لوگ اے آئی کی بات کرتے ہیں، مگر یہ ایسے ہے جیسے کسی انجن کی بات کی جائے اور اس کے ایندھن یعنی ڈیٹا کو نظر انداز کر دیا جائے۔ اگر ڈیٹا نہیں ہوگا تو اے آئی بھی بے کار ہے۔ اس وقت دنیا میں دو بڑے ڈیٹا ذخائر ہیں — بھارت کا (1.4 ارب افراد کا) اور چین کا، جہاں تقریباً اتنی ہی آبادی ہے۔ اس لحاظ سے ہم ڈیٹا کے معاملے میں مضبوط پوزیشن میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری دوسری بڑی طاقت ہمارے کسان ہیں، جو ملک کو خوراک فراہم کرتے ہیں اور ہمارے پاس وافر مقدار میں اناج موجود ہے۔ تیسری اہم ضرورت توانائی ہے، جو ملک چلانے کے لیے لازمی ہے۔ ان تینوں عوام، خوراک اور توانائی کا تحفظ موجودہ دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
#WATCH | In the Parliament, Lok Sabha LoP and Congress MP Rahul Gandhi says, "President Trump, if you want access to this data, then please understand that you are going to talk to us as an equal. You're not going to talk to us as if we are your servants. Second thing we would… pic.twitter.com/fIlQm9f2w3
— ANI (@ANI) February 11, 2026
راہل گاندھی نے کہا کہ بجٹ ان پہلوؤں کی نشاندہی تو کرتا ہے اور یہ تسلیم کرتا ہے کہ ہم ایک خطرناک دور میں داخل ہو رہے ہیں، جہاں جغرافیائی سیاسی صورتحال پیچیدہ ہو رہی ہے اور توانائی و مالیات کو ہتھیار بنایا جا رہا ہے، لیکن بجٹ میں ان چیلنجز کا کوئی ٹھوس حل پیش نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ بجٹ ایک عام بجٹ کی طرح ہے اور اس میں موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات شامل نہیں ہیں۔
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ برابری کی بنیاد پر نہیں کیا گیا اور ’’حکومت کو شرم آنی چاہیے کہ اس نے بھارت ماتا کو بیچ دیا ہے‘‘۔ مرکزی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت-امریکہ معاہدے میں ملک کے کسانوں کے مفادات کو کچل دیا گیا، جیسا نہ آج تک کسی وزیرِ اعظم نے کیا اور نہ آئندہ کوئی کرے گا۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ بجٹ کے ساتھ ساتھ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا، امریکہ اور چین کے درمیان مقابلے میں سب سے اہم چیز بھارت کا ڈیٹا ہے۔ اگر امریکہ سپر پاور بنے رہنا چاہتا ہے اور ڈالر کا تحفظ کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے بھارت کا ڈیٹا بے حد اہم ہے۔‘ انہوں نے کہا، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ آبادی ایک مسئلہ ہے، لیکن میں کہتا ہوں کہ یہ ہماری طاقت ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اگر اپوزیشن کے ‘انڈیا’ اتحاد کی حکومت ہوتی اور وہ تجارتی معاہدہ کرتی تو’ہم امریکہ کے صدر سے کہتے کہ آپ کے ڈالر کے تحفظ کی سب سے بڑی سرمایہ (ڈیٹا) بھارتی عوام کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا، ہم برابری کی سطح پر بات کرتے۔ ہم کہتے کہ آپ ہم سے اس طرح بات نہیں کر سکتے جیسے ہم آپ کے نوکر ہوں۔ ہم امریکی صدر سے یہ بھی کہتے کہ ہم اپنے ایندھن کا تحفظ کریں گے۔ آپ اپنے کسانوں کی حفاظت کریں گے، لیکن ہم بھی اپنے کسانوں کی حفاظت کریں گے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے برابر کھڑا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مصنوعات پر امریکہ میں محصول پہلے تقریباً تین فیصد تھا، جو اب بڑھ کر 18 فیصد ہو گیا ہے، یعنی چھ گنا اضافہ ہوا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا، جبکہ امریکی مصنوعات پر محصول 16 فیصد سے کم کر کے صفر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا، اب امریکہ طے کرے گا کہ ہم تیل کس سے خریدیں گے اور بھارت کے وزیرِ اعظم مودی فیصلہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا، ہمارے کسان طوفان کا سامنا کر رہے ہیں… آپ نے ہمارے کسانوں کو کچلے جانے کا راستہ کھول دیا ہے۔
آپ سے پہلے کسی وزیرِ اعظم نے ایسا نہیں کیا اور نہ آئندہ کوئی کرے گا۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ اس معاہدے میں بھارت کو بیچ دیا گیا، ماں کو بیچ دیا گیا، بھارت ماتا کو بیچ دیا گیا، جس پر حکومت کو شرم آنی چاہیے۔ قائدِ حزبِ اختلاف نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اپنے عوام، ڈیٹا، غذائی سپلائی اور توانائی کے نظام کا تحفظ کرنا ہوگا۔