کولکاتا: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز کہا کہ اگر مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو کامیابی ملتی ہے تو حکومت بننے کے چھ ماہ کے اندر یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کیا جائے گا، اور بی جے پی "بنگال کے بیٹے" کو وزیراعلیٰ بنائے گی۔
شاہ نے اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی کا ’سَنگکلپ پتر‘ (انتخابی منشور) جاری کرنے کے بعد پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ خوشامد کی سیاست کرتی ہے۔ انہوں نے ترنمول کے اس دعوے کو بھی مسترد کیا کہ بی جے پی بنگال کے لوگوں کی کھانے پینے کی عادات میں مداخلت کرے گی۔
امت شاہ نے کہا، یکساں سول کوڈ بی جے پی کی سفارش نہیں بلکہ آئین ساز اسمبلی کی سفارش ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خوشامد کی سیاست کی وجہ سے اسے کئی دہائیوں تک نافذ نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا، جہاں جہاں ہماری حکومت بنی ہے، ہم نے اسے نافذ کیا ہے اور بنگال میں بھی ایسا ہی کریں گے۔
بی جے پی نے اپنے منشور میں وعدہ کیا ہے کہ حکومت آنے کے چھ ماہ کے اندر یو سی سی نافذ کیا جائے گا۔ شاہ نے کہا، "بنگال میں ہر شہری کے لیے ایک ہی قانون ہوگا۔" انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا "ایک شخص کو چار شادیاں کرنے کی اجازت دینا خوشامد ہے یا سب کو ایک ہی قانون کے تحت لانا؟" سابق بی جے پی صدر نے اس سوال کا بھی جواب دینے کی کوشش کی کہ مغربی بنگال میں پارٹی کا وزیراعلیٰ کا چہرہ کون ہوگا۔
انہوں نے کہا، "ہم کوئی خاندانی جماعت نہیں ہیں۔ میں بنگال کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہمارا وزیراعلیٰ ایک بنگالی اور بنگال کا رہائشی ہوگا۔" شاہ نے ترنمول کانگریس کے رہنما ہمایوں کبیر کے ان ویڈیوز کا بھی ذکر کیا جن میں وہ مبینہ طور پر اقلیتی ووٹوں کی تقسیم کے حوالے سے بات کرتے نظر آتے ہیں، تاہم شاہ نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا، "ہمایوں کبیر اور بی جے پی بالکل مختلف سمتوں میں ہیں۔ ہم ایسی کسی پارٹی کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کریں گے۔" شاہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ویڈیوز کے ذریعے سیاسی بیانیہ تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا، آپ ممتا جی کی صلاحیت نہیں جانتے، وہ ایسے کئی ویڈیوز بنوا سکتی ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بنگال کی کھانے پینے کی ثقافت میں مداخلت نہیں کرے گی اور مچھلی اور انڈے کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ انہوں نے اسے ترنمول کی پھیلائی ہوئی افواہ قرار دیا۔