ہندوستان میں یونیسکو کی میٹنگ اختتام پذیر، آئی جی سی کا اگلا اجلاس چین میں ہوگا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 13-12-2025
ہندوستان میں یونیسکو کی میٹنگ اختتام پذیر، آئی جی سی کا اگلا اجلاس چین میں ہوگا
ہندوستان میں یونیسکو کی میٹنگ اختتام پذیر، آئی جی سی کا اگلا اجلاس چین میں ہوگا

 



نئی دہلی: غیر مادی ثقافتی ورثے (آئی سی ایچ) کے تحفظ سے متعلق یونیسکو کی ایک اہم میٹنگ ہفتہ کے روز دہلی کے لال قلعہ میں اختتام پذیر ہو گئی۔ تقریباً ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اس اجلاس کے دوران کمیٹی نے مختلف ممالک کی 67 نئی غیر مادی ثقافتی روایات کو اپنی فہرست میں شامل کیا۔

یونیسکو کے ایک سینئر عہدیدار نے جمعہ کے روز بتایا کہ غیر مادی ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے بین الحکومتی کمیٹی (آئی جی سی) کا اگلا اجلاس دسمبر 2026 میں چین کے شہر شیامن میں منعقد کیا جائے گا۔ ہندوستان نے جمعہ کی شام قلعہ کے احاطے میں واقع ’’پلینری ہال‘‘ میں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا، جس کے بعد نمائندے ہفتہ کے روز سیاحتی مقامات کے دورے کے لیے روانہ ہوں گے۔

یہ اجلاس پہلی مرتبہ ہندوستان میں منعقد ہوا اور اس کا اہتمام یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کے مقام لال قلعہ میں کیا گیا تھا۔ غیر مادی ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق یونیسکو کے 2003 کے کنونشن کی سیکریٹری فومیکو اوہیناتا نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مغلیہ دور کے قلعہ کمپلیکس کو اجلاس کے لیے ایک ’’شاندار پس منظر‘‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا، ہم نے ہندوستان میں گزارے گئے ہر لمحے سے لطف اٹھایا۔ بعد ازاں پی ٹی آئی-بھاشا سے بات کرتے ہوئے اوہیناتا نے بتایا کہ آئی جی سی کا اگلا اجلاس چین میں منعقد ہوگا۔ 9 سے 11 دسمبر کے درمیان یونیسکو کی مختلف غیر مادی ثقافتی ورثہ کی فہرستوں میں 67 ثقافتی روایات کو شامل کیا گیا، جن میں ہندوستان کی دیوالی بھی شامل ہے۔