نئی دہلی : مرکز کی جانب سے یو ایم ای ای ڈی یعنی یونائیفائیڈ وقف مینجمنٹ ایمپاورمنٹ ایفیشنسی اینڈ ڈیولپمنٹ پورٹل کے آغاز کے ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی ان 88,571 وقف جائیدادوں کا مستقبل غیر یقینی بنا ہوا ہے جن کی رجسٹریشن کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ اب بھی حل طلب ہے۔
پورٹل پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق رجسٹریشن کے لیے اپ لوڈ کی گئی 7,95,784 وقف جائیدادوں میں سے 5,87,804 کو منظوری دی جا چکی ہے جبکہ جانچ پڑتال کے بعد 88,571 درخواستیں یعنی 11 فیصد مسترد کر دی گئی ہیں۔
اتر پردیش
اتر پردیش میں سب سے زیادہ 31,783 وقف جائیدادوں کی درخواستیں مسترد ہوئیں جو ملک بھر میں مسترد ہونے والی درخواستوں کا تقریباً 36 فیصد ہیں۔
اتر پردیش میں سنی وقف بورڈ کو موصول ہونے والی 1.52 لاکھ درخواستوں میں سے 29,724 مسترد ہوئیں جبکہ شیعہ وقف بورڈ کو موصول ہونے والی 8,171 درخواستوں میں سے 2,059 بھی مسترد کر دی گئیں۔
مغربی بنگال
مغربی بنگال میں 14,134 درخواستیں مسترد ہوئیں جو مجموعی مسترد درخواستوں کا 16 فیصد ہیں۔
راجستھان
راجستھان میں 12,080 درخواستیں مسترد ہوئیں جو کل مسترد درخواستوں کا 13 فیصد سے زیادہ ہیں۔
مسترد ہونے کی شرح کے اعتبار سے بھی راجستھان 37 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا۔
تمل ناڈو
تمل ناڈو میں 26 فیصد درخواستیں مسترد ہوئیں جو شرح کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر رہیں۔
اتراکھنڈ
پڑوسی ریاست اتراکھنڈ میں 2,468 وقف جائیدادوں کی درخواستوں میں سے 455 مسترد کر دی گئیں۔
یو ایم ای ای ڈی پورٹل کا آغاز
یو ایم ای ای ڈی پورٹل کا آغاز 6 جون 2025 کو ملک بھر کی وقف جائیدادوں کا جیو ٹیگنگ کے ذریعے ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کرنے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔
ابتدا میں تمام رجسٹرڈ وقف جائیدادوں کی تفصیلات 6 ماہ کے اندر پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔
بعد میں مرکزی حکومت کی جانب سے تاخیر سے رجسٹریشن پر کسی قسم کی سزا نہ دینے کے اعلان کے بعد مختلف ریاستی وقف ٹریبونل نے آخری تاریخ میں توسیع کر دی تھی۔
رجسٹریشن کا طریقہ کار
رجسٹریشن کا عمل 3 مراحل پر مشتمل ہے۔
پہلے مرحلے میں متولی درخواست جمع کرتا ہے۔
دوسرے مرحلے میں ضلع یا وقف بورڈ کا نامزد افسر اس کی جانچ کرتا ہے۔
تیسرے مرحلے میں وقف بورڈ کا سینئر افسر حتمی منظوری دیتا ہے۔
وزارت کی وضاحت
وزارت اقلیتی امور کے حکام نے مختلف ریاستوں میں مسترد درخواستوں کی مختلف شرح کی وجوہات حسب ذیل ہیں
زمین کے ریکارڈ کا معیار۔
متولیوں میں بیداری۔
وقف جائیدادوں کی تعداد میں فرق
وزارت کے مطابق جن ریاستوں میں زمین کا ریکارڈ بہتر ہے اور متولی زیادہ باخبر ہیں وہاں منظوری کی شرح بھی زیادہ رہی۔
ریاست وار وقف جائیدادیں
ہندوستان میں مجموعی طور پر 8.8 لاکھ وقف جائیدادیں موجود ہیں۔
سب سے زیادہ 2.4 لاکھ سنی اور شیعہ وقف جائیدادیں اتر پردیش میں ہیں۔
مغربی بنگال میں 80,480۔
پنجاب میں 75,511۔
تمل ناڈو میں 66,092۔
اور کرناٹک میں 65,242 وقف جائیدادیں ہیں۔
کانگریس ارکان پارلیمنٹ کا اعتراض۔
کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد جاوید اور سید نصیر حسین نے ان درخواستوں کی مستردی پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شفافیت، قانونی طریقۂ کار اور برسوں سے تسلیم شدہ ہزاروں وقف جائیدادوں کے مستقبل پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر شفاف، یکساں اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ درخواست گزاروں کو واضح طور پر بتایا جانا چاہیے کہ ان کی درخواستیں کیوں مسترد کی گئیں، اور انہیں دستاویزات میں موجود خامیوں کو دور کرنے کا منصفانہ موقع بھی ملنا چاہیے۔
ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ وقف جائیدادیں مساجد، قبرستانوں، مدارس، یتیم خانوں، تعلیمی اداروں اور مختلف فلاحی سرگرمیوں کی بنیاد ہیں۔ اسی لیے ان کی مذہبی، سماجی اور عوامی اہمیت بہت زیادہ ہے، اور قانون کے مطابق ان کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے وزارتِ اقلیتی امور سے مطالبہ کیا کہ مسترد شدہ درخواستوں کے جائزے کے لیے شفاف شکایات ازالہ نظام قائم کیا جائے، درخواست گزاروں کو مستردی کی وجوہات سے آگاہ کیا جائے، اور انہیں غلطیوں کی اصلاح کے لیے مناسب وقت اور موقع فراہم کیا جائے تاکہ کوئی بھی جائز وقف جائیداد رجسٹریشن سے محروم نہ رہ جائے۔
تکنیکی خرابیوں پر اعتراضات
اس سے پہلے بھی یو ایم ای ای ڈی پورٹل کو تکنیکی خرابیوں کے باعث شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مختلف رپورٹوں کے مطابق پورٹل بار بار بند ہو جاتا تھا اور اس کی رفتار بھی انتہائی سست تھی، جس کی وجہ سے متعدد متولی مقررہ آخری تاریخ سے پہلے وقف جائیدادوں کا ریکارڈ اپ لوڈ نہیں کر سکے۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سمیت کئی مسلم رہنماؤں اور اپوزیشن کے دیگر سیاست دانوں نے بھی پورٹل کے کام کرنے کے طریقۂ کار پر سوالات اٹھائے تھے، جبکہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مرکزی حکومت سے تکنیکی مسائل فوری طور پر دور کرنے اور رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
وقف ترمیمی قانون 2025
وقف ترمیمی قانون 2025 کے تحت اس پورٹل کو وقف جائیدادوں کا مرکزی ڈیجیٹل ڈیٹا بیس تیار کرنے کے مقصد سے متعارف کرایا گیا تھا۔
مسلم تنظیموں، اپوزیشن جماعتوں اور متعدد قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قانون سرکاری نگرانی میں اضافہ کرتا ہے، وقف کی طویل عرصے سے تسلیم شدہ مختلف اقسام کو محدود کرتا ہے، اور وقف جائیدادوں پر انتظامی اختیارات بڑھا کر وقف اداروں کی خودمختاری کو کمزور بناتا ہے۔