عمر خالد، شرجیل امام کو دہلی ہائی کورٹ کا بڑا جھٹکا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-09-2025
عمر خالد، شرجیل امام کو دہلی ہائی کورٹ کا بڑا جھٹکا
عمر خالد، شرجیل امام کو دہلی ہائی کورٹ کا بڑا جھٹکا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی ہائی کورٹ نے 2020 کے دہلی فسادات سے جڑی بڑی سازش کے معاملے میں شرجیل امام، عمر خالد، خالد سیفی، تسلیم احمد سمیت نو ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کر دیا۔
جسٹس نوین چاولہ اور جسٹس شیلندرا کور کی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 10 جولائی کو فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ سماعت کے دوران دہلی پولیس نے ان درخواستوں کی سخت مخالفت کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ کوئی خود بخود بھڑکا ہوا فساد نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔
یہ فیصلہ یو اے پی اے (غیر قانونی سرگرمیاں انسداد قانون) کے تحت درج اس مقدمے میں آیا ہے جو طویل عرصے سے زیر التوا تھا اور جس میں ملزمان کو فسادات کا ماسٹر مائنڈ بتایا جا رہا ہے۔ فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہوئے فسادات میں 53 لوگ مارے گئے تھے اور 700 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ یہ فسادات شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور این آر سی کے خلاف احتجاج کے دوران بھڑکے تھے۔ دہلی پولیس نے الزام لگایا تھا کہ ملزمان نے واٹس ایپ گروپس، تقاریر اور میٹنگز کے ذریعے سازش رچی تاکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورۂ ہندوستان کے دوران ملک کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کیا جا سکے۔
تشار مہتا کی دلیل
سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جولائی کی سماعت میں کہا تھا کہ جو لوگ ملک کے خلاف کام کرتے ہیں انہیں سزا یا بری ہونے تک جیل میں رہنا چاہیے۔ یہ فسادات قومی سلامتی سے جڑے یو اے پی اے کے معاملات ہیں جہاں لمبی حراست ضمانت کی بنیاد نہیں بن سکتی۔ پولیس نے شرجیل امام کی تقاریر کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے آسام کو "کاٹنے" اور تشدد بھڑکانے کی بات کہی تھی۔ عمر خالد پر 23 مقامات پر احتجاج منعقد کرنے کا الزام ہے۔
دیگر ملزمان اطہر خان، محمد سلیم خان، شفا الرحمٰن، میران حیدر، گلفشہ فاطمہ اور شاداب احمد بھی ضمانت کے حقدار ہونے کا دعویٰ کر رہے تھے۔ ان کے وکلاء نے لمبی حراست (5 سال سے زیادہ)، ٹرائل میں تاخیر (ابھی تک چارج شیٹ فریم نہیں ہوئی) اور دیگر شریک ملزمان (جیسے دیوانگنا کالیتا، نتاشا نروال) کو ضمانت ملنے کا حوالہ دیا۔ عمر خالد کے وکیل تریدیپ پیس نے کہا کہ واٹس ایپ گروپ کا رکن ہونا یا میسج نہ بھیجنا جرم نہیں۔
خالد سیفی کی وکیل ربیکا جان نے یو اے پی اے کے غلط استعمال پر سوال اٹھایا۔ لیکن عدالت نے پولیس کے دلائل کو مضبوط مانا اور کہا کہ تقاریر اور میٹنگز سے خوف کا ماحول بنا، جو سی اے اے-این آر سی، بابری، تین طلاق اور کشمیر جیسے مسائل پر مبنی تھا۔ یہ معاملہ 2019 کے سی اے اے مخالف احتجاجات سے جڑا ہے، جہاں 18 ملزمان پر یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج ہے۔ شرجیل امام کو 25 اگست 2020 کو جبکہ عمر خالد کو ستمبر 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ درخواستیں 2022 سے زیر سماعت تھیں۔