عمر انصاری کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2025
عمر انصاری کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی
عمر انصاری کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی

 



پریاگ راج: مختار انصاری کے بیٹے عمر انصاری کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ضبط شدہ زمین کو چھڑانے کے لیے عدالت میں داخل کیے گئے کاغذات پر اپنی والدہ افشاں بیگم کے جعلی دستخط کیے۔ اس معاملے میں عمر کے خلاف غازی پور کے محمد آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مختار انصاری کے بیٹے عمر انصاری کو الہ آباد ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ ہائی کورٹ نے گینگزٹر ایکٹ کے تحت ضبط زمین کو چھڑانے کے لیے والدہ کے جعلی دستخط کرنے کے الزام میں ان کی ضمانت عرضی کو منظور کر لیا ہے۔ یہ مقدمہ غازی پور کے محمد آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

فی الحال عمر انصاری جیل میں ہیں۔ ضمانت کے لیے انہوں نے ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی۔ جسٹس گوتم چوہدری کی سنگل بنچ کے سامنے عمر کی طرف سے وکیل اوپیندر اپادھیائے نے دلائل رکھے۔ غازی پور کے محمد آباد تھانے میں عمر کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ الزام ہے کہ انہوں نے گینگزٹر ایکٹ میں ضبط زمین کو عدالت سے چھڑانے کے لیے جعلی کاغذات اور والدہ کے دستخط کا سہارا لیا۔

پولیس نے عمر کو لکھنؤ سے گرفتار کیا تھا۔ فی الحال وہ کاس گنج کی پچلانا جیل میں قید ہیں۔ 23 اگست کو انہیں غازی پور جیل سے کاس گنج بھیجا گیا تھا۔ کاس گنج جیل میں بند عمر انصاری کی ضمانت کی درخواست کو اے ڈی جے فرسٹ کورٹ نے مسترد کر دیا تھا۔

اس کے خلاف انہوں نے ہائی کورٹ میں عرضی دی تھی۔ والدہ افشاں انصاری کے جعلی دستخط کر دھوکہ دہی کے معاملے میں عمر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ 21 اگست کو غازی پور کی اے ڈی جے فرسٹ کورٹ نے ان کی ضمانت عرضی مسترد کر دی تھی۔ عمر انصاری کے خلاف 3 اگست 2025 کو محمد آباد تھانے میں ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔ 4 اگست کو پولیس نے انہیں لکھنؤ کے دارالشفا میں واقع ایم ایل اے رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔

عمر کے خلاف ایف آئی آر تھانہ انچارج محمد آباد نے درج کرائی تھی۔ جس پراپرٹی کے لیے جعلی دستخط کا الزام ہے، اس کی قیمت 10 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ یہ جائیداد صدر کوتوالی کے بللبھ دیوڑھی داس محلے میں واقع ہے، جسے 2021 میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم پر ضبط کیا گیا تھا۔ اسی زمین کو چھڑانے کے لیے عدالت میں کاغذات جمع کرائے گئے تھے۔

تحقیقات میں پایا گیا کہ ان کاغذات پر جو دستخط ہیں وہ افشاں کے نہیں ہیں۔ ضبط جائیداد کو آزاد کرانے کے لیے عمر انصاری نے اپنی والدہ افشاں انصاری کے جعلی دستخط سے وکالت نامہ داخل کیا تھا، جبکہ افشاں انصاری فی الحال مفرور ہیں اور ان پر 50 ہزار روپے کا انعام اعلان کیا گیا ہے۔