نئی دہلی: مرکزی حکومت نے جمعرات کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ذات پات کی بنیاد پر امتیاز کو روکنے سے متعلق یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے 2026 کے مساوات سے متعلق ضوابط پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔
چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی. موہنا کی بنچ کے سامنے اس معاملے کی سماعت ہوئی۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے بنچ کو بتایا، "یہ معاملہ یو جی سی کے ضوابط سے متعلق ہے۔ اس پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔" بنچ نے یو جی سی کو چار ہفتوں کے اندر تفصیلی جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے بعد درخواست گزار اگر کوئی جواب دینا چاہیں تو دو ہفتوں کے اندر جواب داخل کر سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ 2026 کے ان ضوابط کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے والی متعدد عرضیوں پر سماعت کر رہا ہے۔
عدالت نے 29 جنوری کو ان ضوابط پر روک لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مسودہ "بادی النظر میں مبہم" ہے اور اس کے "بہت وسیع نتائج" ہو سکتے ہیں۔ عدالت نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا تھا کہ اس کا اثر خطرناک حد تک معاشرے کو تقسیم کرنے والا ہو سکتا ہے۔ سپریم کورٹ نے 2026 کے ضوابط کے خلاف دائر تین عرضیوں پر مرکز اور یو جی سی سے جواب طلب کیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ 2026 کے ضوابط پر اگلے حکم تک روک برقرار رہے گی اور اس دوران 2012 کے ضوابط نافذ رہیں گے۔ بنچ نے ابتدا ہی میں 2026 کے ضوابط پر کئی سوالات اٹھائے تھے۔
عدالت نے پوچھا تھا کہ جب ضوابط میں پہلے ہی "امتیاز" کی ایک وسیع تعریف موجود ہے تو ضابطہ 3(1)(سی) کے تحت "ذات پر مبنی امتیاز" کی الگ تعریف کی ضرورت کیوں ہے۔ عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا تھا کہ رَیگنگ کو ان ضوابط کے دائرے سے باہر کیوں رکھا گیا ہے، جبکہ یہ تعلیمی اداروں میں ہراسانی کی ایک عام شکل ہے۔
بنچ نے کہا تھا کہ ضوابط کی زبان "بادی النظر میں مبہم" اور "غلط استعمال کے امکانات والی" معلوم ہوتی ہے۔ درخواست گزاروں میں سے ایک کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل وشنو شنکر جین نے ضابطہ 3(1)(سی) کو چیلنج کیا ہے۔ اس شق میں ذات پر مبنی امتیاز کی تعریف درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے ارکان کے خلاف "صرف ذات یا قبیلے کی بنیاد پر" کیے جانے والے امتیاز کے طور پر کی گئی ہے۔