یوجی سی ایچ آر ڈی سی میں 2023-24 سیشن کے لئے کورسز کا اعلان کیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 9 Months ago
یوجی سی ایچ آر ڈی سی میں 2023-24 سیشن کے لئے کورسز کا اعلان کیا
یوجی سی ایچ آر ڈی سی میں 2023-24 سیشن کے لئے کورسز کا اعلان کیا

 

علی گڑھ 8 جون: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے تعلیمی سیشن 2023-24 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے یوجی سی ایچ آر ڈی سنٹر کے لیے کئی انڈکشن، ریفریشر اور تربیتی پروگرام مختص کئے ہیں۔ یہ کورسز آف لائن، آن لائن اور ہائبرڈ موڈ میں مختلف موضوعات پر ہوں گے۔

               یو جی سی ایچ آر ڈی سی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فائزہ عباسی نے بتایا کہ ان میں اعلیٰ تعلیم کے نئے اساتذہ کے لیے 24-26 انڈکشن پروگرام، ٹیچر ایجوکیشن، کشمیری زبان کی تدریس و تعلیم، ماحولیاتی علوم، کیمسٹری، عربی، اسلامی علوم، فارسی، قرآنی علوم، دینیات، اردو، ڈزاسٹر مینجمنٹ، آئی سی ٹی اور کمپیوٹر ایپلی کیشنز کے 7 سے 9 ریفریشر کورسیز شامل ہیں۔

               یوجی سی ایچ آر ڈی سنٹر، ریسرچ کے لئے کمپیوٹر پر مبنی ڈاٹا انالیسز تکنیک، پریزنٹیشن اسکلز، قومی تعلیم پالیسی کے نفاذ، سوسائٹی اور قانون، ڈجیٹل لائبریری مینجمنٹ، سوشل ورک میتھڈس اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ و پائیدار ترقی پر 8 مختصر مدتی کورسز کا بھی اہتمام کرے گا۔

               ڈاکٹر فائزہ عباسی نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں کے اسسٹنٹ پروفیسرز ان تربیتی کورسیز میں درخواست دینے کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوجی سی نے سنٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی، شعبہ تاریخ اور سنٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی، شعبہ اردو کے ریسرچ اسکالرز کے لیے انٹرایکشن پروگرام بھی مختص کیے ہیں، اور پہلی بار اکیڈمک ایڈمنسٹریٹرز بشمول اسسٹنٹ رجسٹرار، اسسٹنٹ فنانس آفیسرز اور اسسٹنٹ کنٹرولرز کے لیے چار ہفتے کا تربیتی پروگرام بھی دیا گیا ہے۔

               ڈاکٹر فائزہ عباسی نے کہا کہ کورس کا شیڈول اور درخواست دینے کے رہنما خطوط یوجی سی ایچ آر ڈی سی کی ویب سائٹhttps://hrdc.amu.ac.in/  پر موجود ہیں۔ سبھی فارم صرف آن لائن قبول کئے جائیں گے۔