کیرالہ میں یو ڈی ایف کی حکومت بنے گی: اشوک گہلوت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 30-03-2026
کیرالہ میں یو ڈی ایف کی حکومت بنے گی: اشوک گہلوت
کیرالہ میں یو ڈی ایف کی حکومت بنے گی: اشوک گہلوت

 



جے پور: کانگریس کے سینئر رہنما اشوک گہلوت نے پیر کو امید ظاہر کی کہ کیرالہ کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں متحدہ جمہوری محاذ (یو ڈی ایف) کی حکومت بنے گی۔ کیرالہ روانہ ہونے سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے گہلوت نے کہا کہ گزشتہ 70 برسوں سے ریاست میں باری باری سے ایل ڈی ایف (لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ) اور یو ڈی ایف کی حکومت بنتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی بار ایسا ماحول بنایا گیا کہ جیسے کووڈ-19 وبا کے دوران کام صرف ایل ڈی ایف حکومت نے ہی کیا ہو، جبکہ راجستھان میں کانگریس حکومت نے بہتر کام کیا تھا، اس کے باوجود کانگریس دوبارہ اقتدار میں نہیں آ سکی۔ راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انتخابات میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، لیکن اس بار یو ڈی ایف کی جیت کی پوری امید ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کیرالہ اسمبلی انتخابات کے لیے 9 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے۔

کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے کانگریس پر "نرم ہندوتوا" کا الزام لگانے پر گہلوت نے کہا کہ ایسے بیانات آتے رہتے ہیں اور یہ بائیں بازو کی جماعتوں کی سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی کے اپنی جان کو خطرہ ہونے سے متعلق بیان پر گہلوت نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجودہ ماحول فکر انگیز ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور جمہوری اداروں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ گہلوت نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی حالت پر سنجیدہ سوالات کھڑے ہو رہے ہیں اور اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔