ممبئی: شیو سینا (اُباٹھا) کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے منگل کے روز کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہندوستان کا کرکٹ میچ کھیلنے سے بی جے پی کی حب الوطنی کا ’’ڈھونگ‘‘ بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کو میچ نہ کھیل کر اپنی مضبوطی دکھانی چاہیے تھی۔
ہندوستان نے سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کی اپیلوں کے درمیان اتوار کو ایشیا کپ کے اس میچ میں اپنے روایتی حریف پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد میچ کے انعقاد پر بی سی سی آئی کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔ ٹھاکرے نے مہا یوٹی حکومت پر نو لاکھ کروڑ روپے کے قرض کے بھاری بوجھ کو لے کر بھی نشانہ سادھا اور خراب مالی حالت کے باوجود نئی اسکیمیں شروع کرنے کا ذکر کیا۔
انہوں نے صحافیوں سے کہا: ‘‘بی جے پی کی (حب الوطنی کی) نمائش بے نقاب ہو گئی ہے۔ ہندوستان کو کرکٹ میچ (پاکستان کے ساتھ) نہ کھیل کر اپنی پختگی دکھانی چاہیے تھی۔’’ انہوں نے کہا کہ اب یہ واضح ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد کئی ممالک میں آل پارٹی وفد بھیجنے کے باوجود ہندوستان کو مختلف ملکوں سے حمایت کیوں نہیں ملی۔
ٹھاکرے نے کہا: ‘‘جب ہم (ہندوستان) نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا جنم دینے والا ہے تو دنیا آپ سے سوال کرے گی۔ آپ پاکستان کے دشمن ہیں یا دوست؟ اگر آپ ان کے دشمن ہیں تو تمام تعلقات ختم کیجیے۔’’ مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ ٹھاکرے نے کرکٹ میچ تنازع میں بی جے پی کی حمایت کرنے پر ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا: ‘‘انہیں صرف اپنی کرسی سے محبت ہے، ملک سے نہیں۔’’
بڑھتے قرض کے بوجھ کو لے کر ریاستی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘‘اگر آپ ٹھیکے داروں کے فائدے کے لیے قرض لے رہے ہیں اور ڈیم، پل اور سڑکیں بنوا رہے ہیں تو میں اسے ترقی نہیں کہوں گا۔ قرض کم کرنے پر توجہ دینا ضروری ہے۔’’ انہوں نے بھاری بارش سے متاثرہ کسانوں کو فوری ریلیف دینے کا بھی مطالبہ کیا۔