ویتنام: سمندری طوفان سے تباہی،9 ہلاک

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-09-2025
ویتنام: سمندری طوفان سے تباہی،9 ہلاک
ویتنام: سمندری طوفان سے تباہی،9 ہلاک

 



ہنوئی/ آواز دی وائس
سمندری طوفان 'بُوالوئی' سے ہونے والی بھاری بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ویتنام کے وسطی حصے میں سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، چھتیں اُڑ گئیں اور کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ اطلاع سرکاری میڈیا کی خبروں میں دی گئی۔
بعد میں یہ طوفان کمزور ہو کر پیر کو لاؤس کی طرف بڑھ گیا۔
طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، جس نے مکانات، اسکولوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچایا، کئی عارضی پل بہہ گئے اور متعدد صوبوں میں سڑکیں اور نچلے آبی راستے ڈوب گئے۔ شہروں میں سیلاب کے باعث گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں اور بلندی والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا باقی جگہوں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
خبر کے مطابق تھانہ ہوا صوبے میں ایک مقامی افسر جب طوفان سے بچاؤ کی تیاری کے کام مکمل کرنے کے بعد رات میں لوٹ رہا تھا تو اس پر درخت گرنے سے اس کی موت ہو گئی۔ ہیو شہر میں ایک شخص سیلابی پانی میں بہہ گیا جبکہ ایک اور موت ڈانانگ میں ہوئی۔
ویتنام کے ماہرینِ موسمیات نے بتایا کہ پیر کی صبح 10 بجے طوفان کا مرکز نغے آن صوبے اور لاؤس کی سرحد کے درمیان تھا، جہاں ہوا کی رفتار 74 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ طوفان لاؤس کے اندرونی حصوں کی جانب بڑھے گا۔
ویتنامی حکام نے ماہی گیری کرنے والی کشتیوں کو سمندر میں اترنے سے روک دیا ہے اور چار ساحلی ہوائی اڈوں پر پروازوں کا سلسلہ معطل کر دیا ہے۔ نو اموات میں سے چھ خوبصورت مناظر والے صوبے نِنہ بنہ میں ہوئیں، جہاں تیز ہواؤں کے سبب مکانات گر گئے۔
کوانگ تری صوبے میں ساحل پر کھڑی ماہی گیری کی ایک کشتی کے لنگر کی رسیاں تیز ہوا سے ٹوٹ گئیں، جس کے نتیجے میں کشتی اور اس پر سوار نو افراد بہہ گئے۔ ان میں سے چار افراد تیر کر کنارے تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ گیا لائی صوبے میں خاندانوں نے اطلاع دی ہے کہ وہ مچھلی پکڑنے گئے آٹھ ماہی گیروں سے رابطے میں نہیں ہیں۔
سرکاری میڈیا نے بتایا کہ اتوار کی نصف شب کے بعد جب طوفان ساحل سے ٹکرایا تو 3 لاکھ 47 ہزار سے زیادہ گھروں کی بجلی گل ہو گئی تھی۔ تیز ہواؤں سے شاہراہوں کے کنارے مکانات کی لوہے کی چادر والی چھتیں اُڑ گئیں اور کنکریٹ کے کھمبے گر گئے۔
طوفان کے توقع سے زیادہ تیزی سے بڑھنے کی وجہ سے ویتنام نے وسطی اور شمالی صوبوں سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ یہ طوفان نصف شب تقریباً 12:30 بجے شمالی ساحلی صوبے ہا تینھ کے ساحل سے ٹکرایا تھا۔ اس کے باعث 133 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، سمندر میں ایک میٹر سے زیادہ اونچی طوفانی لہریں اٹھیں اور بھاری بارش ہوئی۔