وشاکھاپٹنم/ آواز دی وائس
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے ہفتہ کو 11ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریب کو ایک تاریخی اور کامیاب موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست نے دو "گنیز ورلڈ ریکارڈ" قائم کیے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ 'آر کے بیچ' پر یوگا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائیڈو نے بتایا کہ 3.03 لاکھ افراد نے ایک ہی مقام پر بیک وقت یوگا کرکے ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ تاہم، شرکاء کی درست تعداد کا اعلان گنیز ورلڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تقریباً 22,000 قبائلی طلباء نے ایک ہی مقام پر 108 منٹ میں 108 بار سوریہ نمسکار (سورج کو نمسکار) کر کے ایک اور عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
دو کروڑ سے زائد رجسٹریشن
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 11واں بین الاقوامی یومِ یوگا ایک شاندار اور یادگار تقریب رہی۔ ہم نے تاریخ رقم کی ہے۔نائیڈو نے بتایا کہ ریاستی حکومت کو آج کے یوگا دن کے لیے تقریباً دو کروڑ رجسٹریشن کی توقع تھی، لیکن یہ تعداد بڑھ کر 2.45 کروڑ تک پہنچ گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعلیٰ نائیڈو اور دیگر معزز شخصیات نے وشاکھاپٹنم کے ’آر کے بیچ‘ پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔
ملک بھر میں شرکت کی تفصیلات
وزیر اعلیٰ نے یہاں ’آر کے بیچ‘ پر وزیر اعظم مودی کے ساتھ یوگا دیوس کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ یوگا 175 سے زائد ممالک میں، 12 لاکھ سے زیادہ مقامات پر، 10 کروڑ سے زائد لوگوں کی شرکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یوگا کو نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں مقبول بنا کر اسے ایک عالمی صحت مہم میں تبدیل کر دیا ہے۔
وزیر اعظم مودی کا شکریہ
نائیڈو نے کہا کہ میں اپنے دور اندیش وزیر اعظم نریندر مودی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے یوگا کو نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی سطح پر بھی مقبول بنایا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ذریعے بین الاقوامی یوگا دیوس کا آغاز کر کے یوگا کو ایک عالمی صحت مہم میں تبدیل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یوگا ایک قدیم ہندوستانی عمل ہے جسے قوم، علاقہ، مذہب اور زبان سے بالاتر ہو کر سب نے قبول کیا ہے۔ یوگا جسم، ذہن اور روح کا سنگم ہے اور صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔
ستمبر سے ’یوگا سپر لیگ‘ کا آغاز
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ستمبر سے ’یوگا سپر لیگ‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے اور انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ یوگا کو ایشیائی کھیلوں، کامن ویلتھ گیمز اور بالآخر اولمپکس میں شامل کرانے کی کوشش کریں۔ نائیڈو نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ کوئی بھی تاریخ صرف نریندر مودی ہی رقم کر سکتے ہیں اور کوئی بھی ریکارڈ وہی توڑ سکتے ہیں، اس لیے میں ان سے یہ درخواست کر رہا ہوں۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ جمعہ کو 22,122 قبائلی طلباء نے ایک ساتھ یوگا کر کے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یوگا ایک عوامی تحریک بن چکا ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ یوگا کے لیے ضرور نکالیں۔