بٹالہ / آواز دی وائس
پنجاب پولیس کے دو کمانڈوز کو یہاں ایک مقامی صحافی کے ساتھ مارپیٹ کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ڈی ایس پی سنجیو کمار نے بتایا کہ یہ واقعہ یکم اگست کو پیش آیا تھا اور بعد میں اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ ویڈیو میں دو پولیس اہلکاروں کو ایک بھیڑ بھاڑ والی سڑک پر صحافی بلوندر سنگھ کو گھسیٹتے اور مکے مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان میں سے ایک اہلکار وردی میں جبکہ دوسرا سادہ کپڑوں میں نظر آ رہا ہے۔ وردی والا پولیس اہلکار صحافی کو لات مارتا ہے جس سے وہ سڑک پر گر جاتا ہے۔ جب وہ ایک گڑھے میں گر کر بے ہوش ہو جاتا ہے تو پولیس اہلکار وہاں سے جاتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ دونوں پولیس اہلکاروں کی شناخت بٹھنڈہ میں تعینات پنجاب پولیس کمانڈو کی 5ویں بٹالین کے سب انسپکٹر سُرجیت سنگھ اور مندیپ سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قانون و نظم سے متعلق سونپی گئی ڈیوٹی کے سلسلے میں بٹالہ آئے تھے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ دونوں پولیس اہلکاروں نے صحافی سے مارپیٹ کیوں کی، تو ڈی ایس پی نے بتایا کہ دونوں پولیس افسر بٹالہ میں اپنی ڈیوٹی کے سلسلے میں آئے تھے اور ایک ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ صحافی بلوندر ان سے ملا اور بٹالہ میں ان کی ڈیوٹی سے متعلق کچھ سوال کیے... اچانک کچھ کہا سنی ہو گئی جس کے بعد یہ واقعہ (حملہ) پیش آیا۔
کمار نے بتایا کہ صحافی کی شکایت پر دو اگست کو ایف آئی آر درج کی گئی۔ دونوں سب انسپکٹر 5ویں بٹالین کے ہیں۔ اور دونوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔