احمد آباد: گجرات کے احمد آباد میں جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار کے قافلے کو سیاہ جھنڈے دکھانے اور نعرے بازی کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گیانیش کمار ایک پروگرام میں شرکت کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔
گجرات یونیورسٹی تھانے کے ایک افسر نے بتایا کہ جب کمار ’احمد آباد مینجمنٹ ایسوسی ایشن‘ (اے ایم اے) کے پروگرام مقام سے روانہ ہو رہے تھے، تب دو نوجوانوں نے انہیں سیاہ جھنڈے دکھائے۔
افسر کے مطابق، ان میں سے ایک نے خود کو طلبہ تنظیم این ایس یو آئی سے وابستہ بتایا، جبکہ دوسرے نے خود کو سماجی کارکن بتایا۔ اس کے بعد دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو جمعہ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے جمعرات کو گجرات کا اپنا دو روزہ دورہ شروع کیا ہے۔