تعلیم: طالبات کے لیے دو اہم اسکالر شپ اسکیمیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-09-2021
طالبات کے لیے دو اہم اسکالر شپ اسکیمیں
طالبات کے لیے دو اہم اسکالر شپ اسکیمیں

 

 

 

awaz

مومن فہیم احمد عبدالباری

لیکچرر صمدیہ جونیر کالج، بھیونڈی 

طالبات کے لیے دو اہم اسکالر شپ اسکیمیں جن کے لیے درخواست دی جاسکتی ہے:

 (1) بیگم حضرت محل اسکالر شپ اسکیم (نہم تا بارہویں جماعت کی طالبات کے لیے)

حکومت ہند محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والی طالبات کے لیے ”بیگم حضرت محل نیشنل اسکالرشپ اسکیم“ اس سے قبل مولانا آزاد نیشنل اسکالر شپ کے نام سے جانی جاتی تھی۔

یہ اسکالر شپ اسکیم نہم تا بارہویں جماعت میں زیر تعلیم اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والی طالبات کے لیے شروع کی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ صرف گیارہویں و بارہویں جماعت کی طالبات کو دی جاتی تھی جب کہ 2017-2018ء سے نہم تا بارھویں جماعت کی طالبات کو دی جاتی ہے۔

دائرہ کار : اس اسکیم کے تحت طالبات کو اسکول و کالج کی فیس، نصابی کتابوں کی خریداری، اسٹیشنر ی و دیگر تعلیمی لوازمات کی خریداری اور بورڈنگ وغیرہ کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے اسکالر شپ دی جائے گی۔

اسکیم کا اعلان: یہ اسکیم وزارتِ اقلیتی امور کے تحت، ”مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن“ کے ذریعے جاری کی گئی ہے جس کی مکمل تفصیل ویب سائٹ www.maef.nic.in پر موجود ہے۔ لیکن امسال سے اس اسکیم کو نیشنل اسکالر شپ پورٹل https://scholarships.gov.in/سے منسلک کردیا گیا ہے۔ یعنی امسال (2021-2022ء) سے اب درخواست گذار طالبات نیشنل اسکالر شپ پورٹل پر اپنا رجسٹریشن کرنے کے بعد ”بیگم حضرت محل نیشنل اسکالرشپ اسکیم“ کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔ فارم بھرنے کی آخری تاریخ 30/نومبر2021ء ہے۔

اسکالر شپ کی رقم : اس اسکیم کے تحت نہم اور دہم جماعتوں کے کی طالبات کو فی سال یکمشت پانچ ہزار روپئے جبکہ گیارھویں جماعت کی طالبات کو یکمشت فی سال چھ ہزار روپئے ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر کے ذریعے ان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی ہے۔

درخواست کا طریقہ کار : امسال سے یہ اسکیم کا فارم نیشنل اسکالرشپ پورٹل https://scholarships.gov.in/ پر ہی بھرا جائے گا۔ سب سے پہلے درخواست دینے والی طالبہ کو اپنا رجسٹریشن کرنا ہوگا۔ نہم اور دہم جماعت کی طالبات پری میٹرک اسکالر شپ اور گیارھویں اور بارھویں جماعت کی طالبات پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کو سلیکٹ کریں اور مکمل فارم بھریں۔ فارم بھرتے وقت Scheme Details کے ٹیب پر آپ کو دو آپشن نظر آئیں گے، یہاں آپ کو بیگم حضرت محل نیشنل اسکالر شپ کو سلیکٹ کرنا ہے اور باقی تفصیل مکمل کرنی ہے۔

دستاویزات اپلوڈ کرنا : کسی بھی اسکالرشپ اسکیم کی رقم اگر پچاس ہزار روپئے سے کم ہے تو درخواست گذار کو دستاویزات ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ فارم کا پرنٹ آؤٹ نکال کر تمام دستاویزات کو متعلقہ اسکول /کالج میں جمع کرنا ہے۔

انتخاب کا طریقہ : اس اسکیم کے تحت والدین و سرپرست کی آمدنی کی بنیاد پر طالبات کو اسکالر شپ کا اہل سمجھا جائے گا۔ گذشتہ امتحان میں کم از کم پچاس فیصدی نشانات سے کامیاب اورآمدنی کی کم سے کم حد کی بنیاد پر ترجیح دی جائے گی۔

عام شرائط :   یہ اسکیم مسلم، عیسائی، سکھ، بدھسٹ، جین اور پارسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی طالبات کے لیے ہے۔   اسکالر شپ نہم تا بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ایسی طالبات کے لیے ہے جنھوں نے گذشتہ امتحان میں پچاس فیصد یا اس سے زائد مارکس یا اس کے مساوی گریڈ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔  درخواست گذار طالبہ کے والدین و سرپرست کی سالانہ آمدنی دو لاکھ روپئے سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔

والدین و سرپرست کی آمدنی کے ثبوت کے طور پر ریاستی حکومت کے متعلقہ حکام کے ذریعے (تحصیل دار) جاری کردہ انکم سر ٹیفکیٹ جمع کرنا لازمی ہوگا۔   طالبات صرف ایک ہی درخواست جمع کریں ایک سے زائد درخواست دینے کی صورت میں تمام درخواستیں مسترد کردی جائیں گی۔ 

اسکالر شپ کی رقم ”ڈائریکٹ بینک ٹرانسفر“ کے تحت بینیفشری کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔  بیرون ملک کسی کورس کے لیے اسکالر شپ نہیں دی جائے گی۔ بیگم حضرت محل نیشنل اسکالرشپ اسکیم کے تحت تجدید (Renewal) کی درخواست نہیں دی جاسکتی، نہم تا بارھویں جماعت کی طالبات کو ہر سال علاحدہ فارم بھرنا ہوگا۔

اہم تاریخیں : اس اسکیم کے لیے آن لائن فارم بھرنے کی آخری تاریخ 30/نومبر 2021  ہے۔فارم میں غلطیوں کی اصلاح اور انسٹی ٹیوٹ (اسکول/کالج) کی سطح پر تصدیق کی آخری تاریخ 15/دسمبر2021ہے۔

(2) پی جی اندرا گاندھی سنگل گرل چائلڈ اسکالرشپ اسکیم (یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی چھتیس ہزار چار سو روپئے سالانہ اسکالرشپ اسکیم)

ایسی طالبات جو پوسٹ گریجویشن کررہی ہیں اور اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد ہیں ان کے لیے یو جی سی کی پی جی اندرا گاندھی سنگل گرل چائلڈ اسکالرشپ، سالانہ 36200 روپئے تک ملتی ہے، ایسی 3000 اسکالرشپ کے لیے درخواست کا عمل جاری ہے۔ جس کی اخری تاریخ 30 نومبر 2021 ہے۔

اسکیم کی اہم شرائط :یہ اسکیم صرف اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد (لڑکی) کے لیے ہے۔ اسکیم صرف پوسٹ گریجویشن میں تعلیم حاصل کررہی طالبات کے لیے ہیں۔ یہ اسکیم دو سال کی مدت کے لیے ہے۔  درخواست گذار طالبہ کا ملک کی کسی بھی مسلمہ یونیورسٹی میں دو سالہ ریگولر فل ٹائم پوسٹ گریجویشن کورس کے سال اول میں داخلہ لینا ضروری ہے۔ درخواست گذار طالبہ کی عمر 30 برس سے زائد نہ ہو۔ فاصلاتی تعلیم میں داخلہ لینے والی طالبات اس کی اہل نہیں ہیں۔

اسکالرشپ کی ایک سال کی رقم 36200 روپئے ہے، اور یہ دو سال دی جائے گی اس طرح دو سال کے لیے 72400 روپئے براہِ راست ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) کے تحت ادا کی جائے گی۔

فارم بھرنے کے بعد درخواست گذار طالبہ کو جوائننگ رپورٹ اور پچاس روپئے کے اسٹامپ پیپر پر اکلوتی اولاد ہونے کا حلف نامہ بھی متعلقہ کالج یا انسٹی ٹیوٹ یا یونیورسٹی ڈپارٹمنٹ کو جمع کرنا ہوگا۔  تجدید (Renewal) کے لیے آئندہ برس درخواست دینا لازمی ہے۔ درخواست کیسے دی جائے؟درخواست دینے کے لیے سب سے پہلے نیشنل اسکالرشپ پورٹلscholarships.gov.in پر خود کو رجسٹر کریں اور پی جی اندراگاندھی سنگل گرل چائلڈ اسکالرشپ اسکیم کے لیے فارم بھریں۔

ویب سائٹ پر موجود لنک UGC/AICTE اسکیم پر جاکر اندرا گاندھی سنگل گرل چائلڈ اسکالرشپ اسکیم سے متعلق رہنمائی اور عمومی سوالات موجود ہیں ان کا ایک بار مطالعہ کرلیں۔   تمام ضروری معلومات پر کرکے اپنے متعلقہ کالج، یونیورسٹی ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کریں۔

  کالج، یونیورسٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے طالبہ کی درخواست فارورڈ اور تصدیق کرنا لازمی ہوگا۔  کسی سیمسٹر یا سالانہ امتحان میں ناکام ہونے والی طالبات کو آئندہ برس سکالرشپ نہیں دی جائے گی۔  اسکیم سے متعلق مکمل تفصیل نیشنل اسکالر شپ پورٹل پر موجود ہے، فارم بھرنے سے قبل ایک بار ان کا مطالعہ ضرور کرلیں۔