سپریم کورٹ میں دو ججوں کی حلف براداری

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
سپریم کورٹ میں دو ججوں کی حلف براداری
سپریم کورٹ میں دو ججوں کی حلف براداری

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
جمعہ کو دو نئے جج جسٹس آلوک ارادھے اور جسٹس وپول منو بھائی پنچولی نے سپریم کورٹ کے ججوں کے طور پر حلف اٹھایا۔ ہندوستان کے چیف جسٹس بی آر گوئی نے نو مقرر شدہ ججوں کو عہدے کا حلف دلایا۔ سپریم کورٹ کولیجیم نے 25 اگست کو اپنی میٹنگ میں ہائی کورٹ کے دونوں چیف جسٹس کو سپریم کورٹ میں جج کے طور پر ترقی دینے کی سفارش کی تھی۔
ان دونوں ججوں کی تقرری کے بعد اب سپریم کورٹ اپنی پوری 34 ججوں کی بنچ کے ساتھ کام کرے گا۔ جسٹس ارادھے بمبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے، جبکہ جسٹس پنچولی پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔ 27 اگست کو مرکز نے سپریم کورٹ کولیجیم کی سفارش کو منظوری دی اور جسٹس ارادھے اور پنچولی کو اعلیٰ عدالت کا جج مقرر کر دیا۔
۔25 اگست کو چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی میں پانچ رکنی کولیجیم نے 4-1 کے ووٹ سے دونوں تقرریوں پر فیصلہ سنایا۔ اطلاعات کے مطابق جسٹس ناگرتنا نے جسٹس پنچولی کی ترقی پر اختلاف کیا تھا اور دلیل دی تھی کہ وہ ہائی کورٹ ججوں کی آل انڈیا سینئرٹی فہرست میں 57 ویں نمبر پر ہیں۔
جسٹس ارادھے 13 اپریل 1964 کو رائے پور میں پیدا ہوئے۔ وہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں اور کرناٹک، جموں و کشمیر اور مدھیہ پردیش ہائی کورٹس میں جج کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ کرناٹک اور جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں 29 دسمبر 2009 کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا تھا۔
جسٹس پنچولی 28 مئی 1968 کو احمد آباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ستمبر 1991 میں گجرات ہائی کورٹ میں وکالت شروع کی۔ اکتوبر 2014 میں وہ گجرات ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج بنائے گئے اور جون 2016 میں مستقل جج کی حیثیت سے تصدیق کی گئی۔ جولائی 2023 میں ان کا تبادلہ پٹنہ ہائی کورٹ میں ہوا، جہاں انہوں نے جج کے طور پر حلف اٹھایا۔ جولائی 2025 میں وہ پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر کیے گئے۔