نئی دہلی/ آواز دی وائس
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ 17 سے 19 ستمبر تک برطانیہ کا دورہ کریں گے اور اس دوران بادشاہ چارلس سوئم اور ملکہ کمیلا ان کی ونڈسر کیسل میں میزبانی کریں گے۔ بکنگھم پیلس نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔ برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اس سرکاری دورے کے لیے بادشاہ کی جانب سے دعوت نامہ رواں سال فروری میں وائٹ ہاؤس (امریکی صدر کی رہائش گاہ و دفتر) میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ کو پیش کیا تھا۔
ڈونالڈ ٹرمپ دوسری بار سرکاری دورے پر برطانیہ آئیں گے۔ اس سے قبل وہ 2019 میں اپنے پہلے دورِ صدارت میں برطانیہ آئے تھے، جب ان کی میزبانی اُس وقت کی ملکہ الزبتھ دوم نے کی تھی۔
بکنگھم پیلس کے بیان میں کہا گیا کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ، 17 ستمبر سے 19 ستمبر تک برطانیہ کے سرکاری دورے کے لیے بادشاہ کی دعوت قبول کر لی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بادشاہ ونڈسر کیسل میں صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کی میزبانی کریں گے۔ شاہی خاندان نے گزشتہ ہفتے فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کی سرکاری آمد کی میزبانی بھی ونڈسر کیسل میں کی تھی۔ میکرون نے برطانوی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کیا تھا، تاہم ممکن ہے کہ ٹرمپ ایسا نہ کریں، کیونکہ ستمبر-اکتوبر کے دوران سیاسی پارٹی کانفرنسوں کی وجہ سے ہاؤس آف کامنز کا اجلاس نہیں ہوگا۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے سال کے آغاز میں وزیر اعظم اسٹارمر سے بادشاہ کا دعوت نامہ موصول ہونے پر کہا تھا کہ ونڈسر کیسل کی دعوت... یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے، یہ واقعی کچھ خاص ہے۔
سرکاری دورے کی یہ دعوت برطانوی حکومت کی اُس کوشش کا حصہ سمجھی جا رہی ہے، جس کے تحت وہ دفاع، سلامتی اور تجارت کے میدان میں برطانیہ-امریکہ کے "خصوصی تعلقات" کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔