ٹرمپ نے ٹریڈ ڈیل پر بات کرنے سے کیا انکار

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-08-2025
ٹرمپ نے ٹریڈ ڈیل پر بات کرنے سے کیا انکار
ٹرمپ نے ٹریڈ ڈیل پر بات کرنے سے کیا انکار

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جب تک ٹیرف سے متعلق تنازع حل نہیں ہو جاتا، تب تک ہندوستان کے ساتھ کسی تجارتی معاہدے پر بات چیت نہیں ہوگی۔ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان پر پہلے سے عائد 25 فیصد ٹیرف کے علاوہ مزید 25 فیصد کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس طرح ہندوستان پر مجموعی طور پر 50 فیصد ٹیرف نافذ ہو چکا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 25 فیصد ٹیرف 7 اگست سے نافذ ہو گیا ہے اور باقی 25 فیصد ٹیرف 27 اگست سے لاگو ہوگا۔ جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں 50 فیصد ٹیرف کے معاملے کے دوران ہی تجارتی معاہدے پر دوبارہ بات چیت شروع ہونے کی امید ہے تو انہوں نے کہا کہ نہیں، جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو جاتا تب تک نہیں۔
مودی کا ٹرمپ کو جواب
ہندوستان نے بھی ٹرمپ کو انہی کی زبان میں جواب دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو امریکی ٹیرف کا براہِ راست ذکر کیے بغیر ڈونالڈ ٹرمپ کو واضح پیغام دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے لیے اپنے کسانوں، مویشی پالنے والوں اور ماہی گیروں کا مفاد سب سے بڑی ترجیح ہے اور ہم ان کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
جانئے، ہندوستان سے بھی زیادہ ٹیرف کن ممالک پر ہے
ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ہندوستان اپنے زرعی اور ڈیری بازار کو امریکہ کے لیے کھول دے، لیکن ہندوستان نے لاکھوں لوگوں کی روزی روٹی کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے۔ ہندوستان نے زراعت اور ڈیری جیسے اہم شعبوں کو عالمی منڈی کے لیے کھولنے سے انکار کیا ہے۔
اب یہ بات صاف ہو گئی ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان جس تجارتی معاہدے کے اگست کے آغاز تک فائنل ہونے کی بات کہی جا رہی تھی، وہ اب ممکن نہیں ہوگا۔ یہ بھی دیکھنا ضروری ہوگا کہ ٹرمپ کا غرور کب ٹوٹتا ہے۔
اچانک کیوں بدل گئے ٹرمپ؟
کچھ ماہ پہلے تک ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات رکھنے والے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنا دوست کہنے والے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اچانک اتنے بدل کیوں گئے، یہ سمجھنا مشکل ہے۔ ٹرمپ یہ بہانہ بنا رہے ہیں کہ ہندوستان روس سے تیل خرید رہا ہے، لیکن ان کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے کہ خود امریکہ بھی روس سے بہت سے پروڈکٹس خریدتا ہے۔
بہر حال، ہندوستان نے بھی اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ جھکے گا نہیں۔
پاکستان کے ساتھ آئل ڈیل
 امریکہ نے حال ہی میں پاکستان کے ساتھ آئل ڈیل کی ہے۔ اس وقت ڈونالڈ ٹرمپ نے یہ تک دعویٰ کیا تھا کہ ایک دن پاکستان ہندوستان کو تیل بیچے گا۔ اب سوال یہ ہے کہ ٹرمپ پاکستان کے ساتھ تو آئل ڈیل کر رہے ہیں لیکن ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف لگا دیا ہے اور اب وہ تجارتی معاہدے پر بھی بات نہیں کرنا چاہتے۔