نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کے لیے مرکزی حکومت کے ملازمین کی تعیناتی سے متعلق الیکشن کمیشن کے سرکلر کو چیلنج کرنے والی ترنمول کانگریس کی عرضی پر ہفتہ کو سماعت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں مزید کسی حکم کی ضرورت نہیں ہے۔
اس عرضی میں ترنمول کانگریس نے کلکتہ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس میں اس کی درخواست کو خارج کر دیا گیا تھا۔ جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس جوی مالیا باگچی پر مشتمل خصوصی بنچ نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹوں کی گنتی کے عملے کا انتخاب کر سکتا ہے اور اس کے 13 اپریل کے سرکلر کو غلط نہیں کہا جا سکتا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ سرکلر میں واضح طور پر درج ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کے ملازمین مشترکہ طور پر کام کریں گے اور ترنمول کانگریس کی جانب سے کسی بھی بے ضابطگی کا خدشہ بے بنیاد ہے۔ الیکشن کمیشن نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ سرکلر پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔ ترنمول کانگریس کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے ابتدا میں کہا کہ سرکلر 13 اپریل کو جاری ہوا تھا لیکن انہیں اس کی معلومات 29 اپریل کو ملی۔ سماعت کے دوران بنچ نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹوں کی گنتی کے لیے عملہ صرف ایک ہی گروہ یعنی مرکزی حکومت سے بھی منتخب کر سکتا ہے، اس لیے سرکلر کو غلط نہیں کہا جا سکتا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ڈی ایس نائیڈو نے کہا کہ الیکشن افسر ریاستی حکومت کا ملازم ہوتا ہے اور اسے سرکاری ملازمین کے کسی بھی گروہ سے عملہ تعینات کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ اس کے بعد سبل نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سرکلر کو جوں کا توں نافذ کیا جائے۔ جسٹس باگچی نے سوال کیا کہ اگر وہ سرکلر پر عمل چاہتے ہیں تو پھر ترنمول عدالت میں کیوں آئی ہے؟
اس کے بعد بنچ نے عرضی خارج کرتے ہوئے کہا کہ مزید کسی حکم کی ضرورت نہیں ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی کی 294 نشستوں کے لیے ووٹنگ دو مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو ہوئی تھی۔ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے 30 اپریل کو الیکشن کمیشن کے سرکلر کے خلاف ترنمول کانگریس کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی حکومت کے ملازمین کے بجائے مرکزی حکومت اور سرکاری شعبے کے اداروں (پی ایس یو) کے ملازمین کو ووٹوں کی گنتی کے نگران اور معاون مقرر کرنے کے فیصلے میں کوئی غیر قانونی بات نہیں ہے۔