ترنمول نے ووٹ لیا ،مسلمانوں کو نظر انداز کیا:اویسی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 25-03-2026
ترنمول نے ووٹ لیا ،مسلمانوں کو نظر انداز کیا:اویسی
ترنمول نے ووٹ لیا ،مسلمانوں کو نظر انداز کیا:اویسی

 



کولکاتا: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بدھ کے روز کہا کہ ترنمول کانگریس نے مسلم ووٹ تو حاصل کر لیے لیکن برادری کے لیے کچھ نہیں کیا۔ اویسی نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی سیاست نے مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ابھرنے میں مدد دی۔

کولکاتا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ مغربی بنگال کے لوگ گھٹن محسوس کر رہے ہیں اور ان کی پارٹی نے ہمایوں کبیر کی عام جنتا اُنیان پارٹی (اے جے یو پی) کے ساتھ اتحاد کیا ہے تاکہ عوام کو ایک متبادل فراہم کیا جا سکے۔

حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ نے کہا، "ہمایوں کبیر کے ساتھ ہمارا اتحاد مغربی بنگال میں کمزور طبقات کے استحصال کو روکنے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ہمارا اتحاد مسلمانوں کی سیاسی قیادت کو مضبوط بنانے کی بھی کوشش کرے گا۔ اویسی نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں اقلیتوں کی ترقی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

اس سوال پر کہ کیا مغربی بنگال میں ان کی پارٹی کی موجودگی سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو فائدہ ہوگا، انہوں نے کہا، جمہوریت میں لوگوں کو اپنی پسند کی پارٹی کو ووٹ دینے کی آزادی ہوتی ہے۔ مرشد آباد ضلع میں بابری مسجد کے طرز پر مجوزہ مسجد کے تنازع کے بعد ترنمول کانگریس سے معطل کیے جانے پر ہمایوں کبیر نے عام جنتا اُنیان پارٹی (اے جے یو پی) تشکیل دی تھی۔ کبیر نے کہا کہ یہ اتحاد اسمبلی انتخابات میں 182 نشستوں پر امیدوار کھڑا کرے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر انتخابات میں معلق اسمبلی بنتی ہے تو یہ اتحاد حکومت سازی میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔ مغربی بنگال کی 294 رکنی اسمبلی کے لیے ووٹنگ 23 اور 29 اپریل کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی چار مئی کو مقرر ہے۔