ترنمول نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-05-2026
ترنمول نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی
ترنمول نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی

 



کولکاتا:ترنمول کانگریس نے کولکاتا کے ایک ای وی ایم اسٹرونگ روم میں ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں (ڈاک بیلٹ) کی غیر مجاز چھانٹی کا الزام عائد کرتے ہوئے ہفتہ کے روز الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی۔ خُدیرام انوشیلن کیندر کے باہر ڈیرہ ڈالے ترنمول کارکنوں نے الزام لگایا کہ ڈاک بیلٹ سے بھرے آٹھ بکس صبح چار بجے لائے گئے اور انہیں ایک ایسے کمرے میں لے جایا گیا جہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں تھے۔

ترنمول کے ایک رکن نے سوال اٹھایا، “ہم مسلسل یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ ای وی ایم اور ڈاک بیلٹ کے ہر ایک حصے پر سی سی ٹی وی نگرانی ہو۔ لیکن جب ان بکسوں کو اندر لے جایا گیا تو یہ واضح ہو گیا کہ انہیں کیمروں کی پہنچ سے دور کمرے میں رکھا گیا۔ آخر ایسا کیوں؟” شمالی اور مشرقی کولکاتا کے کئی اسمبلی حلقوں کی ووٹنگ مشینیں خُدیرام انوشیلن کیندر کے اسٹرونگ روم میں رکھی گئی ہیں۔

ترنمول کارکنوں کے احتجاج کے دوران بی جے پی کی شیمپوکر سے امیدوار پورنیما چکرورتی اپنے حامیوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئیں، جس سے کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ دونوں طرف سے نعرے بازی شروع ہو گئی جبکہ پولیس صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کرتی رہی۔ چکرورتی نے دعویٰ کیا کہ ہار کے خوف سے ترنمول کارکن اسٹرونگ روم کے باہر ہنگامہ کر رہے ہیں۔ بعد میں ترنمول نے کہا کہ اس نے اس معاملے میں الیکشن کمیشن میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔

شمالی 24 پرگنہ ضلع کے باراسات گورنمنٹ کالج میں قائم اسٹرونگ روم کے باہر بھی اسی طرح کا منظر دیکھنے کو ملا، جہاں ترنمول کارکنوں نے احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ صبح کے وقت 17 منٹ تک سی سی ٹی وی بند رہے۔ اشوک نگر سے ترنمول کے امیدوار نارائن گوسوامی موقع پر پہنچے اور عمارت کے اندر جانے کی اجازت کا مطالبہ کیا۔

ایک انتخابی افسر نے وضاحت کی کہ سی سی ٹی وی کیمرے مکمل طور پر درست کام کر رہے تھے، لیکن مرکز کے باہر لگے مانیٹر کی بجلی کی تار ٹوٹ گئی تھی۔ انہوں نے کہا، “17 منٹ کی ویڈیو فوٹیج ترنمول یا جس بھی پارٹی کو درکار ہوگی، اس کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔”

بی جے پی نے مشرقی بردھمان ضلع سے ایک مبینہ ویڈیو شیئر کیا، جس میں ایک شخص کو “یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی” کی دیوار پھلانگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اور اسی عمارت میں ای وی ایم مشینیں رکھی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو پرانا ہے اور اس میں دکھایا گیا شخص سی سی ٹی وی کیمرے اور ایئر کنڈیشنر لگانے کا کام کر رہا تھا۔