غوث سیوانی،نئی دہلی
محرم الحرام میں امام حسین اور شہدا کربلا کی یاد منائی جاتی ہے۔ سوگواروں کا ایک طبقہ ماتم کرتا ہے اور اپنا خون بہاتا ہے مگر حالیہ دنوں میں ایک نئی سوچ سامنے آئی ہے کہ محرم کے پہلے عشرہ میں خون عطیہ کیمپ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ سوگواران حسین کے مثبت سوچ کا نتیجہ ہے جس سے بہت سے ضرورت مندوں کو خون مل جاتا ہے۔ محرم کے پیش نظر خون عطیہ کیمپ کی خبریں ملک بھر سے آئی ہیں۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندوبھائیوں نے بھی خون عطیہ کیمپ میں حصہ لیا اور امام حسین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی کی مثالیں پیش کیں۔خون عطیہ کیمپ کے چندپروگراموں کا ذکر اجمال میں پیش کیا جارہا ہے۔
اسپتال میں عزاداروں کا ہجوم
ہردوئی (یوپی)میں امام حسین رضی اللہ عنہ اور شہیدان کربلا کےعزاداروں نے اپنے خون کا صدقہ دیا۔ بڑی تعداد میں لوگ میڈیکل کالج کے بلڈ بنک میں پہنچے اور خون عطیہ کیا۔ یہاں عزاداروں کا بڑا ہجوم تھا۔بلڈ بینک کے ٹیکنیشن عقیل خان نے بتایا کہ خون دینے والوں میں مردوعورت اور ہندو،مسلمان سبھی شامل تھے۔
رکت دان۔جیون دان
حسینی ٹرسٹ نےشامبی کے کراری قصبے میں خون کا عطیہ پروگرام کا اہتمام کیا۔ تنظیم کا مقصد حادثے کے متاثرین کے لیے خون کی کمی کو پورا کرنا ہے۔ اس دوران خون جمع کرنے اور ٹرانسپورٹیشن وین نے 17 یونٹ خون اکٹھا کیا اور اسے ضلع اسپتال کے بلڈ بینک میں محفوظ کیا۔ مولانا ثمین حیدر رضوی کے مطابق ان کی یہ مہم صرف خون کا عطیہ نہیں بلکہ زندگی بانٹنے کی مہم ہے۔
ضلع کی نوجوان نسل نے گنگا جمنی تہذیب کی انوکھی مثال قائم کی ہے۔ حسینی ٹرسٹ آرگنائزیشن کے نوجوانوں نے خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا اور امام حسین کی یاد میں خون کا عطیہ دیا۔ جس میں 17 یونٹ خون کا عطیہ دیا گیا۔ قصبہ کی شیعہ جامع مسجد کے موجودہ امام مولانا ضمیر حیدر رضوی نے کہا کہ اسلام بتاتا ہے کہ جس نے ایک انسان کو زندگی دی اس نے پوری انسانیت کو زندگی دی۔ یہ صرف خون کا عطیہ نہیں ہے، یہ زندگی کا اشتراک ہے۔
حسین کے نام پر ہندو۔مسلم ساتھ ساتھ
راجستھان کے ادے پور میں بوہرہ یوتھ میڈیکل ریلیف سوسائٹی کی جانب سے کمیونٹی ہال، بوہڑ واڑی میں شہدائے کربلا کی یاد میں ہر سال کی طرح امسال بھی خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں 172 یونٹ خون کا عطیہ دیا گیا۔ کیمپ میں مردوں کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی خون کا عطیہ دیا۔
پہلے مرحلے میں مہارانا بھوپال اسپتال کے بلڈ بینک اور شام کو سادہ بلڈ بینک میں خون کا عطیہ کیا گیا۔ کیمپ میں ناشتے کا انتظام دی ادے پور اربن بینک نے کیا تھا۔ دوسری جانب فخرالدین رنگ والا کی جانب سے خون عطیہ کرنے والوں کو تحفہ دیا گیا۔ ایچ ڈی ایف سی بینک کی طرف سے بھی گفٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔
بوہرہ یوتھ میڈیکل ریلیف سوسائٹی کے صدر انیس میا جی نے کہا کہ انسانوں کے لیے صرف انسانی خون ہی مفید ہے۔ امام حسین نے انسانیت کو زندہ رکھنے کے لیے 1400 سال قبل کربلا کے میدان میں اپنی اور اپنے 72 ساتھیوں کی قربانی پیش کی۔ یہاں عقیدت مندوں نے انسانیت کی بقاء کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے امام حسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ادے پور ڈویژن کے چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ راج کمار جین خون کے عطیہ کیمپ کے پہلے مرحلے کے مہمان خصوصی تھے۔ دوسرے مرحلے میں آر این ٹی میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر لکھن پوسوال اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سٹی) چندرشیل ٹھاکر اور ڈپٹی میئر پارس سنگھوی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر داؤدی بوہرہ جماعت کے صدر عباس علی ناتھ، سیکرٹری ذاکر پنساری، بوہرہ یوتھ سنستھان کے صدر لیاقت امر اور سیکرٹری یوسف علی آر جی، وارڈ 57 کی مقامی کونسلر شہناز ایوب موجود تھیں۔
شہیدوں کو بہترین خراج عقیدت
اتراکھنڈ کے ٹہری میں شہیدان کربلا کی یاد میں ایک خون عطیہ کیمپ ہوا۔امبادی، وکاس نگر میں ماتمی جلوس نکالا گیا اور جلوس کے سوگواروں نے خون بہانے سے عطیہ دینا بہتر سمجھا۔ مسلمانوں کے اس اقدام کا سماج کے ہر طبقے نے خیر مقدم کیا ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں سے محرم کے موقع پر مسلمانوں کی بڑی تعداد لوگوں کو خون کے عطیات دے کر معاشرے کو ایک الگ پیغام دے رہی ہے جس کو ہر طرف سراہا جا رہا ہے۔ مولانا ذاکر علی نے کہا کہ حضرت حسین نے ہمیں انسانیت کا پیغام دیا۔ خون کے عطیات میں کوئی امتیاز نہیں ہے۔ ہر انسان کا خون ایک جیسا ہے۔ اسی لیے ہم سب نے خون کا عطیہ دیا ہے۔
انجمن حیدر بلتی امبادی کے صدر نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے محرم کے موقع پر خون کے عطیہ کا یہ پروگرام منعقد کیا جاتا ہے۔ امام حسینؑ کو اس سے بہتر کوئی خراج عقیدت نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنی سوچ کو وقت کے ساتھ بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی غریب کو خون کی ضرورت ہو تو ہم اسے دلانے کی پوری کوشش کریں گے۔
ضرورت مندوں کے لئے خون
جھارکھنڈ کے گریڈیہہ میں شہادت امام حسین کی یاد میں محرم الحرام کے موقع پر خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جھریگڑی انجمن آصفیہ کمیٹی کے زیراہتمام ضرورت مندوں کے لیے شریا کلب کے اشتراک سے اس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس میں مسلمانوں کے ساتھ ہندووں نے بھی شرکت کی۔ شریا کلب کے سکریٹری رمیش یادو، بلڈ بینک کے انچارج میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سہیل اختر، رنجیت کمار راجک، رنجیت کمار، رام دیو یادو اور لو پاٹھک نے پروگرام میں سرگرم کردار نبھایا۔