نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں معروف اردو شاعر، نقاد اور دانشور ڈاکٹر بشیر بدر کے انتقال پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ادبی حلقوں سے وابستہ افراد اور کونسل کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرحوم کی ادبی خدمات، شعری عظمت اور اردو زبان و ادب کے لیے ان کے گراں قدر کردار کو یاد کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر بشیر بدر اردو شاعری کی ایک درخشاں شخصیت تھے جنہوں نے اپنی منفرد طرزِ اظہار اور دل نشیں شاعری کے ذریعے لاکھوں قارئین اور سامعین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ ان کی شاعری میں محبت، انسان دوستی، سماجی شعور اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کی بھرپور عکاسی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بشیر بدر کا انتقال اردو ادب کے لیے ایک بڑا نقصان ہے جس کا خلا آسانی سے پُر نہیں کیا جا سکے گا۔
ڈاکٹر بشیر بدر 28 مئی 2026 کو طویل علالت کے بعد بھوپال میں انتقال کر گئے تھے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 91 برس تھی۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی اردو زبان و ادب کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی اور جدید اردو غزل کو نئی جہتیں عطا کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
مشاعروں کی دنیا میں ڈاکٹر بشیر بدر ایک مقبول اور معتبر نام تھے۔ ان کے اشعار نہ صرف ادبی حلقوں میں پسند کیے جاتے تھے بلکہ عام لوگوں میں بھی بے حد مقبول تھے۔ ان کی شاعری کے متعدد اشعار زبان زد عام ہوئے اور آج بھی لوگوں کی یادداشت کا حصہ ہیں۔
ان کے نمایاں شعری مجموعوں میں "اکائی"، "آس"، "امید" اور "امیج" شامل ہیں۔ شاعری کے ساتھ ساتھ انہوں نے تنقید کے میدان میں بھی اہم خدمات انجام دیں۔ ان کی کتابیں "بیسویں صدی میں اردو غزل" اور "آزادی کے بعد کی غزل کا تنقیدی مطالعہ" اردو تنقید میں اہم مقام رکھتی ہیں۔
ڈاکٹر بشیر بدر کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں پدم شری سمیت کئی قومی اور ادبی اعزازات سے نوازا گیا۔ انہیں ساہتیہ اکادمی ایوارڈ اور متعدد دیگر معتبر انعامات بھی حاصل ہوئے۔
تعزیتی اجلاس کے شرکا نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والی نسلیں ڈاکٹر بشیر بدر کی تخلیقات سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔ مقررین نے کہا کہ ان کی شاعری اور ادبی سرمایہ اردو ادب کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔