سرینگر/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر پولیس نے ہفتہ کو غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت دہشت گرد تنظیم ’دی ریزسٹنس فرنٹ‘ (ٹی آر ایف) کے سربراہ اور پہلگام حملے کے مبینہ مرکزی سازش کار سجاد احمد شیخ کی جائیداد ضبط کر لی۔ ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔
ٹی آر ایف دراصل لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کا ایک فرنٹ آرگنائزیشن ہے۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے اپریل 2022 میں سجاد احمد شیخ عرف سجاد گل کو دہشت گرد قرار دیا تھا اور اس پر 10 لاکھ روپے کا انعام رکھا تھا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد نیٹ ورک اور ان کے معاون ڈھانچوں کو تباہ کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، سرینگر پولیس نے شہر کے ایچ ایم ٹی علاقے میں روز ایونیو پر قائم 15 مرلہ زمین پر بنی تین منزلہ رہائشی عمارت کو ضبط کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق، ریونیو ریکارڈ اور تحصیلدار سینٹرل، شالٹینگ، سرینگر سے حاصل تصدیقی رپورٹ کے مطابق اس جائیداد کی قیمت تقریباً دو کروڑ روپے ہے اور اس کا ملکیتی حق غلام محمد شیخ کے پاس ہے، جو دہشت گرد سجاد احمد شیخ عرف سجاد گل کا والد ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اگرچہ جائیداد دہشت گرد کے والد کے نام پر رجسٹرڈ ہے، لیکن تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ سجاد گل اس میں فعال حصے دار ہے۔پرین پورہ پولیس اسٹیشن میں یو اے پی اے کی متعلقہ دفعات کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 235/2022 کے سلسلے میں یہ ضبطی عمل میں لائی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی یو اے پی اے کی دفعہ 25 کے تحت کی گئی ہے، جو حکام کو ایسی جائیداد ضبط کرنے کا اختیار دیتی ہے جو دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوئی ہو یا استعمال کی جا سکتی ہو۔ضبطی متعلقہ ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں کی گئی۔