کولکتہ/ آواز دی وائس
بدھ کے روز مغربی بنگال اسمبلی میں اس وقت زبردست ہنگامہ برپا ہوگیا جب بی جے پی اور ٹی ایم سی کے ارکان اسمبلی آپس میں بھڑ گئے۔ معاملہ اقلیتوں سے متعلق ایک بل پر بحث کے دوران شروع ہوا۔ ہنگامے کی شدت دیکھتے ہوئے اسپیکر کو مارشل طلب کرنے پڑے۔ اس دوران بی جے پی کے چیف وِپ شنکر گھوش کو اسمبلی سے معطل کر دیا گیا۔ ان کے علاوہ بی جے پی کے مزید 4 ارکان اسمبلی کو بھی معطل کیا گیا۔ ہنگامے کے بیچ شنکر گھوش کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد دی گئی۔
معطل کیے گئے ممبران اسمبلی
بنکیم گھوش
اشوک ڈنڈا
اگنیمتر پال
شنکر گھوش
مہیرا گوسوامی
ممتا بنرجی کا بی جے پی پر حملہ
ہنگامے کے دوران مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور ٹی ایم سی سپریمو ممتا بنرجی نے اسمبلی میں بی جے پی پر سخت نشانہ سادھا ۔ انہوں نے بی جے پی کو ’’ووٹ چوروں کی پارٹی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ملک کے لیے ایک کلنک ہے۔ یہ لوگ بنگالی زبان اور بنگال کی ثقافت پر حملہ کر رہے ہیں۔ بنگال کے لوگوں نے آزادی کی لڑائی میں اپنا خون بہایا تھا، تب بی جے پی کا وجود بھی نہیں تھا۔
ممتا نے الزام لگایا کہ بی جے پی بنگال اور بنگالی عوام کے خلاف سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بنگالیوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ پارلیمان میں ہم نے دیکھا کہ کس طرح بی جے پی نے ہمارے اراکین پارلیمان کو سی آئی ایس ایف کے ذریعے ہراساں کیا۔ میں کہتی ہوں کہ ایک دن آئے گا جب بنگال کی عوام بی جے پی کو ووٹ نہیں دے گی اور اسمبلی میں ان کا ایک بھی رکن باقی نہیں بچے گا۔
بی جے پی پر مزید حملہ کرتے ہوئے ممتا نے کہا کہ تم لوگ ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کر رہے ہو۔ مذہب کا نعرہ لگاتے ہو لیکن ایشور اور اللہ تمہیں معاف نہیں کریں گے۔
بی جے پی کا پلٹ وار
بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے ممتا کے بیانات کی سخت مخالفت کی، جس کے نتیجے میں اسمبلی کا ماحول مزید گرما گیا۔ بی جے پی نے ٹی ایم سی پر اقلیتوں کی خوشامد کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ ممتا بنرجی بنگال کی عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔ ہنگامے کے بعد اسمبلی کی کارروائی کچھ وقت کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔ شنکر گھوش کی طبیعت بگڑنے کی خبر سے ماحول مزید کشیدہ ہو گیا۔ ٹی ایم سی اور بی جے پی کے درمیان یہ تکرار آگے مزید بڑھنے کے قوی امکانات ہیں۔
بی جے پی رہنما شبھیندو ادھیکاری نے اس حملے کی مذمت کی اور اسے جسمانی حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مجھے معطل کر دیا گیا تھا لیکن انہوں نے سوچا تھا کہ ہمارے ارکان اسمبلی کوئی ردعمل نہیں دیں گے، لیکن ہمارے ارکان نے احتجاج درج کرایا۔جے پی نڈا نے ان سے بات کی اور شنکر گھوش اور بنکیم گھوش کی صحت کے بارے میں معلومات لیں۔ دونوں اسپتال میں داخل ہیں۔