نئی دہلی: سپریم کورٹ کے سخت رویے کے بعد اتراکھنڈ حکومت نے جم کاربٹ نیشنل پارک میں درختوں کی کٹائی اور غیر قانونی تعمیرات کے الزامات کا سامنا کر رہے تمام آئی ایف ایس (انڈین فاریسٹ سروس) افسران کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
عدالت نے مرکزی حکومت کو بھی جلد فیصلہ کرنے کے لیے کہا ہے۔ ساتھ ہی اتراکھنڈ حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی محکماتی تحقیقات تین ماہ میں مکمل کرے۔ سال 2021 میں اتراکھنڈ کے اس وقت کے جنگلاتی وزیر ہرک سنگھ راوت کے دور میں جم کاربٹ نیشنل پارک کے کاربٹ ٹائیگر ریزرو کی پکھرو رینج میں ٹائیگر سفاری پروجیکٹ کے لیے 6 ہزار سے زیادہ درخت کاٹے گئے تھے۔
اس منصوبے کے تحت چڑیا گھر سے شیر لا کر انہیں "سفاری" کے نام پر یہاں رکھنے کی بات کہی گئی تھی۔ لیکن اس پروجیکٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور مالی گھپلے کے الزامات لگے۔ اس معاملے میں نیشنل پارک کے ڈائریکٹر راہل، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کشن چند اور اکھلیش تیواری سمیت کئی افسروں کے نام سامنے آئے تھے۔
ابتدائی جانچ میں کشن چند کو وِجیلنس نے گرفتار بھی کیا تھا۔ بعد میں اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے تفتیش سی بی آئی کو سونپی، جسے سپریم کورٹ نے بھی درست قرار دیا۔ کاربٹ کے ڈائریکٹر راہل کو بعد میں ریاستی حکومت نے راجاجی نیشنل پارک کا ڈائریکٹر بنا دیا۔ لیکن سپریم کورٹ کی سخت سرزنش کے بعد یہ تقرری ستمبر پچھلے سال منسوخ کر دی گئی۔
سی بی آئی نے عدالت کو بتایا تھا کہ ریاستی حکومت نے باقی افسروں پر مقدمہ چلانے کی اجازت دے دی ہے لیکن راہل کے معاملے میں یہ اجازت نہیں دی گئی۔ گزشتہ ہفتے چیف جسٹس بھوشن رام کرشن گوئی کی سربراہی والی بنچ نے حکومت کے اس رویے پر سوال اٹھائے اور چیف سیکریٹری کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کی وارننگ دی تھی۔ اب سی بی آئی نے اطلاع دی ہے کہ ریاستی حکومت نے راہل کے خلاف بھی مقدمہ چلانے کی اجازت دے دی ہے۔