آگرہ/ آواز دی وائس
تاج نگر آگرہ میں آل انڈیا کنر کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے، جس میں پورے ملک سےخواجہ سراؤں کی برادری کے لوگ شامل ہونے کے لیے پہنچے ہیں۔ اس دوران خواجہ سراؤں نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے 25 لاکھ روپے بھی جمع کیے۔ یہ خواجہ سراؤں سماج کی جانب سے ایک بہت بڑا اور اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
اس کانفرنس میں پورے ملک سے 10 ہزار سے زیادہ کنر شریک ہوئے ہیں۔ یہاں تمام خواجہ سراؤں نے ایک دوسرے کی مدد سے پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے 25 لاکھ روپے جمع کیے اور اس کی کچھ تصویریں بھی منظر عام پر آئی ہیں۔ ان تصاویر میں تمام کنر بیٹھے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور ایک خواجہ سرااپنی جھولی میں پیسے جمع کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی مدد سے یہ رقم پنجاب کے سیلاب متاثرین تک پہنچائی جائے گی۔ واضح رہے کہ پنجاب میں بھاری بارش کی وجہ سے آنے والے تباہ کن سیلاب نے ریاست کو زبردست نقصان پہنچایا ہے۔ سیلاب کے باعث کھیتوں کی فصلیں برباد ہو گئیں، سڑکیں تباہ ہو گئیں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے۔
اسی وجہ سے پنجابی فلم انڈسٹری کے کئی گلوکار اور اداکار بھی اس مشکل وقت میں مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔ اس میں دلجیت دوسانجھ، گرو رندھاوا سمیت کئی فنکاروں کے نام شامل ہیں۔ وہیں بالی ووڈ اداکار سونو سود اور ان کی اہلیہ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب حکومت کی جانب سے بھی مسلسل راحت اور بچاؤ کے کام جاری ہیں۔