نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز تبصرہ کرنے کے الزام میں معروف ٹرانس جینڈر میک اپ آرٹسٹ اور ریئلٹی شو کی سابق شریک جان مونی داس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
کوزھیکوڈ سائبر پولیس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مہیلا مورچہ کی ریاستی صدر نویہ ہری داس کی شکایت پر یہ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، ملزمہ نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے وزیر اعظم کے خلاف مبینہ طور پر ہتک آمیز اور توہین آمیز تبصرے کیے، جن کا مقصد عوام میں بے چینی پھیلانا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا تھا۔
پولیس کے مطابق، اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 192 (فساد بھڑکانے کی نیت سے اشتعال دلانا) اور دفعہ 356(2) (مجرمانہ ہتکِ عزت) کے علاوہ کیرالہ پولیس ایکٹ کی دفعہ 120(O) (بار بار یا ناپسندیدہ مواصلات کے ذریعے عوامی خلل پیدا کرنا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔