اب ڈاکخانے سے بھی بک ہوں گے ٹرین ٹکٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-10-2025
اب ڈاکخانے سے بھی بک ہوں گے ٹرین ٹکٹ
اب ڈاکخانے سے بھی بک ہوں گے ٹرین ٹکٹ

 



نئی دہلی: دیوالی اور چھٹھ پوجا جیسے بڑے تہواروں کے دوران ریل کے مسافروں کو ٹکٹوں کے لیے درپیش پریشانی اب ختم ہونے والی ہے۔ اب نہ تو طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، اور نہ ہی اسٹیشن جانے کی۔ محکمہ ڈاک نے وزارتِ ریلوے کے اشتراک سے ایک نئی سہولت شروع کی ہے، جس کے تحت اب مسافر اپنے نزدیکی ڈاکخانے سے ہی ٹرین کا ٹکٹ بک کروا سکیں گے۔

اس قدم کا مقصد دیہی علاقوں، قصبوں اور دوردراز کے ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی آسانی سے ریل ٹکٹ بُکنگ کی سہولت دینا ہے، خاص طور پر اُن مقامات پر جہاں نہ ریلوے اسٹیشن ہے اور نہ ہی ریزرویشن کاؤنٹر۔ یہ نئی سہولت تہواروں کے دوران ٹکٹ بُکنگ کی بھیڑ کو کم کرنے اور دیہی عوام کے لیے سفر کو آسان بنانے کی سمت ایک اہم اقدام تصور کی جا رہی ہے۔

محکمہ ڈاک نے ریلوے کے ساتھ مل کر ملک بھر کے 333 ڈاکخانوں میں یہ سروس شروع کی ہے، جن میں سے زیادہ تر دیہی اور نیم شہری علاقوں میں واقع ہیں۔ ان ڈاکخانوں میں پی آر ایس (Passenger Reservation System) ٹرمینل لگائے گئے ہیں، جن کی مدد سے ہر کلاس کے ٹکٹ جیسے سلیپر، اے سی، جنرل وغیرہ  بک کیے جا سکتے ہیں۔

اب مسافروں کو ٹکٹ بُک کرانے کے لیے نہ تو شہر جانا پڑے گا، نہ ہی ریلوے کاؤنٹر پر لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑے گا۔ اگر آپ کے علاقے کے ڈاکخانے میں PRS ٹرمینل موجود ہے، تو آپ وہیں سے اپنا ریل ٹکٹ بک کر سکتے ہیں۔ مسافر کو یہ جانچنا ہوگا کہ کون سا قریبی ڈاکخانہ اس سہولت سے جُڑا ہوا ہے، کیونکہ یہ سہولت فی الحال محدود ڈاکخانوں میں دستیاب ہے۔

ٹکٹ بُک کرتے وقت مسافر سے درج ذیل معلومات لی جائیں گی: کہاں سے کہاں تک سفر کرنا ہے ، تاریخ ، ٹرین کا نام یا نمبر اور کلاس (سلیپر، اے سی وغیرہ)۔ اس کے بعد ڈاکخانے کا ملازم آپ کی معلومات درج کرے گا اور کرایہ وصول کرے گا۔ مسافر نقد یا ڈیجیٹل ادائیگی دونوں طریقوں سے پیمنٹ کر سکتا ہے۔

ادائیگی کے فوراً بعد ٹکٹ وہیں پر پرنٹ ہو کر دیا جائے گا۔ یہ ریلوے کا جائز (valid) ٹکٹ ہوگا، جس سے آپ عام ٹکٹ کی طرح سفر کر سکیں گے۔ ریلوے اور محکمہ ڈاک کی یہ مشترکہ پہل خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے ہے جو دیہات یا چھوٹے قصبوں میں رہتے ہیں، جہاں ریلوے اسٹیشن یا آن لائن ٹکٹ کی سہولت میسر نہیں۔ اب انہیں نہ کسی ایجنٹ کے پاس جانے کی ضرورت ہے، نہ اسٹیشن۔

یہ سہولت ان بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے بھی آسانی لائے گی، جو آن لائن بکنگ یا اسمارٹ فون استعمال کرنے میں دِقت محسوس کرتے ہیں۔ اب وہ بھی اپنے نزدیکی ڈاکخانے سے ٹکٹ حاصل کر سکیں گے۔ دیوالی اور چھٹھ جیسے تہواروں پر ریلوے ٹکٹوں کی مانگ بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ ویب سائٹ پر لوڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے اکثر سسٹم بیٹھ جاتا ہے، اور کاؤنٹر پر طویل قطاریں لگ جاتی ہیں۔

اس کے نتیجے میں کئی مسافروں کو وقت پر ٹکٹ نہیں مل پاتے۔ ایسے میں ڈاکخانوں کے ذریعے ٹکٹ بُکنگ کی یہ سہولت مسافروں کے لیے ایک بڑی راحت بن کر سامنے آئی ہے۔ اس سے نہ صرف اسٹیشن اور آن لائن پلیٹ فارمز پر بھیڑ کم ہوگی بلکہ ٹکٹ بُکنگ کا پورا عمل بھی آسان، تیز اور قابل رسائی ہو جائے گا۔ وزارتِ ریلوے کو یقین ہے کہ یہ قدم دیہی اور دور دراز علاقوں کے مسافروں کے لیے سفر کو مزید آرام دہ اور سستہ بنائے گا۔