جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال میں ریل خدمات متاثر

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-09-2025
جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال میں ریل خدمات متاثر
جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال میں ریل خدمات متاثر

 



آواز دی وائس
جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں ہفتہ کے روز ٹرین خدمات مفلوج رہیں کیونکہ کُرمی تنظیموں نے اپنے سماج کو درج فہرست قبیلہ (ایس ٹی) کا درجہ دینے اور کُرمالی زبان کو تسلیم کرنے کے مطالبے پر مربوط ’’ریل روکو‘‘ ناکہ بندی کی۔ حکام نے بڑے پیمانے پر خلل کی اطلاع دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ کئی ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، کچھ کو درمیان میں ہی روک دیا گیا یا تاخیر سے چلایا گیا۔ اس کے باعث کئی مسافر گھنٹوں تک پھنسے  رہے۔
جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال میں کُرمی تنظیمیں اپنے سماج کو درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرنے اور آئین کی آٹھویں فہرست میں کُرمالی زبان کو سرکاری منظوری دلوانے کے لیے دباؤ بنا رہی ہیں۔
رانچی میں ریلوے حکام نے تصدیق کی کہ ساؤتھ ایسٹرن ریلوے (ایس ای آر) اور ایسٹ سنٹرل ریلوے (ای سی آر) کے تحت آنے والی ٹرینیں جزوی طور پر متاثر ہوئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہٹیہ-بردھمان میمو اور ٹاٹا نگر-گُوا-ٹاٹا نگر میمو سمیت کم از کم تین ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، ایک کو درمیان میں ہی روک دیا گیا اور چار کو کنٹرول کیا گیا ہے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے اور سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے حساس اسٹیشنوں پر سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
ہزاری باغ ضلع میں بھی ایسا ہی منظر دیکھنے کو ملا جہاں ہزاروں لوگ صبح 8 بجے سے ہی چرہی ریلوے اسٹیشن پر جمع ہوگئے۔ ماندو کے رکن اسمبلی تیواری مہتو کی قیادت میں مرد، خواتین اور نوجوان پٹریوں پر بیٹھ گئے۔ مہتو نے لوگوں سے کہا کہ یہ ایک پُرامن احتجاج ہے لیکن اگر ہمارے جائز مطالبات کو نظرانداز کیا گیا تو یہ اور تیز ہوگا۔ حکومت کو فیصلہ کن اقدام کرنا چاہیے۔
رانچی کے رائے اسٹیشن، گریڈیہ کے پارسناتھ اسٹیشن اور بکارو کے چندرپورہ میں آدیواسی کُرمی سماج (اے کے ایس) کے بینر تلے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین پٹریوں پر بیٹھ گئے اور ’’برسوں کی نظراندازی‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے اپنی زبان کو درج فہرست قبیلہ کا درجہ دینے اور آئینی تسلیم دینے کا مطالبہ کرنے لگے۔ ایک مظاہر نے کہا کہ ہم نے اپنی پڑھائی مکمل کر لی لیکن ہمیں کیا ملا؟ کچھ بھی نہیں۔ ہمیں اچھی نوکریاں نہیں ملیں اور ہم اپنے بچوں کے لیے بہتر مستقبل چاہتے ہیں۔
رانچی انتظامیہ نے مُری، سِلی، خلاری اور ٹاٹی سلوائی جیسے اسٹیشنوں کے اردگرد 300 میٹر کے دائرے میں بی این ایس ایس کی دفعہ 163 کے تحت پابندی عائد کر دی ہے جو جمعہ کی شام سے اتوار کی صبح تک نافذ رہے گی۔ مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے ٹاٹا نگر، گووند پور، راکھا مائنز اور ہلدی پوکھر اسٹیشنوں پر بھی اسی طرح کی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ احکامات کے مطابق پابندی والے علاقوں میں دھرنا، پُتلا دھن، لاٹھی یا ہتھیار لے کر چلنا اور عوامی تقریریں دینا منع ہے۔
کُرمی تنظیموں نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ 20 ستمبر سے یہ تحریک جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور اڈیشہ میں پھیل جائے گی۔ جمشیدپور میں ریلوے پروٹیکشن فورس کے افسر جیتندر چندر داس نے سخت چوکسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صبح سے کوئی اندر نہیں آیا۔ کچھ خواتین نے اندر آنے کی کوشش کی لیکن انہیں گیٹ پر ہی واپس بھیج دیا گیا۔ اب تک کچھ لوکل ٹرینیں بغیر کسی رکاوٹ کے گزری ہیں۔ ہم ڈرون کے ذریعے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
مغربی بنگال میں کُرمی سماج کے صوبائی صدر راجیش مہتو نے اعلان کیا کہ پورولیہ، بانکورہ، جھاڑگرام اور مغربی مدنی پور میں ریل روکو اور سڑک پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ صورتحال کو بگڑنے سے روکنے کے لیے اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔
تمام ریاستوں کے پولیس سربراہان کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جھارکھنڈ کے ڈی جی پی انوراگ گپتا نے حفاظتی آلات سے لیس مزید پولیس اہلکار تعینات کرنے، حساس اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈرون لگانے اور ریلوے پولیس کے ساتھ گہرے تال میل قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پتھراؤ کو روکنا اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
پابندی کے باوجود کُرمی لیڈران نے زور دے کر کہا کہ تحریک پُرامن ہے۔ کُرمی وکاس مورچہ کے مرکزی صدر اور آدیواسی کُرمی سماج کے رکن شیتل اوہدار نے کہا کہ ہم پُرامن طریقے سے ریلوے ٹریک پر احتجاج کر رہے ہیں۔