نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کے تھانہ مندر مارگ علاقے میں دہلی پولیس کی پی سی آر وین کی زد میں آنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ پولیس کی پی سی آر وین کے ڈرائیور نے غلطی سے ایکسیلیریٹر دبا دیا، جس کی وجہ سے سڑک کے کنارے ریمپ پر چڑھتے وقت پی سی آر وین ایک شخص کو کچل گئی اور اس شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ فی الحال، پولیس موقع پر موجود ہے اور معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔
اس بارے میں معلومات دیتے ہوئے نئی دہلی کے ایڈیشنل ڈی سی پی حکما رام نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ یہ ایک بدقسمت حادثہ ہے۔ پولیس قانون کے مطابق کارروائی کر رہی ہے۔ ہم متوفی کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن مدد کریں گے اور معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ ہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کریں گے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق، واقعے کی خبر ملتے ہی کرائم ٹیم اور دہلی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ متوفی کی لاش قریبی اسپتال بھیج دی گئی ہے جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔ پولیس متوفی کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ فی الحال پولیس پورے معاملے کی باریکی سے چھان بین کر رہی ہے۔ افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جانچ پوری شفافیت کے ساتھ ہوگی اور حادثے کی اصل وجہ سامنے لائی جائے گی۔
دہلی پولیس کے دو افسر معطل
اسی دوران، پی سی آر وین حادثے پر معلومات دیتے ہوئے دہلی پولیس نے بتایا کہ دونوں پولیس اہلکاروں، ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔ دونوں پولیس اہلکاروں کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ وہیں، دوسری طرف متوفی کے بیٹے نےبتایا کہ پی سی آر وین میں دو لوگ تھے، جن میں ایک خاتون بھی تھی۔ وہ دونوں بہت زیادہ نشے میں تھے۔ میرے والد کا نام گنگا رام تیواری ہے، ان کی عمر تقریباً 50-55 سال تھی۔ گاڑی میں شراب کی بوتلیں تھیں۔ میرے والد کی یہاں پچھلے 10 سال سے دکان تھی۔