ڈبلیو ٹی او میں ہندوستان کے خلاف 9 تجارتی تنازعات زیر سماعت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2026
ڈبلیو ٹی او میں ہندوستان کے خلاف 9 تجارتی تنازعات زیر سماعت
ڈبلیو ٹی او میں ہندوستان کے خلاف 9 تجارتی تنازعات زیر سماعت

 



نئی دہلی: حکومت نے منگل کو پارلیمنٹ کو بتایا کہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کے قواعد کے تحت اس وقت ہندوستان کے خلاف نو تجارتی تنازعات زیر التوا ہیں، جن میں جاپان، برازیل اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک کی جانب سے دائر شکایات شامل ہیں۔

وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت جتین پرساد نے لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ ان مقدمات میں ہندوستان کے مفادات کے تحفظ اور قانونی معاونت کے لیے وزارتِ تجارت سینٹر فار ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ لا (CTIL)، سینٹر فار ڈبلیو ٹی او اسٹڈیز (CWS) اور رجسٹرڈ قانونی فرموں کی خدمات حاصل کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق ان نو مقدمات سے متعلق قانونی فرموں کی خدمات پر اب تک تقریباً 2.43 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ چونکہ ان مقدمات کی کارروائی ابھی جاری ہے، اس لیے آئندہ اخراجات کا انحصار مقدمات کی پیش رفت اور ضرورت پر ہوگا۔

جتین پرساد کے مطابق، ڈبلیو ٹی او کے تنازعات کے تصفیے کے معاہدے کے تحت ہندوستان کے خلاف اس وقت نو مقدمات زیر سماعت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں جاپان نے دو، چین نے دو جبکہ برازیل، آسٹریلیا، گوئٹے مالا، یورپی یونین اور چائنیز تائپے نے ایک، ایک شکایت درج کرائی ہے۔