پہلگام حملے کے بعد بند سیاحتی مقامات کو کھولا جا رہا ہے: منوج سنہا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-06-2025
پہلگام حملے کے بعد بند سیاحتی مقامات کو کھولا جا رہا ہے:  منوج سنہا
پہلگام حملے کے بعد بند سیاحتی مقامات کو کھولا جا رہا ہے: منوج سنہا

 



سری نگر/ آواز دی وایس
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز کہا کہ 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کیے گئے سیاحتی مقامات کے پارکوں کو مرحلہ وار دوبارہ کھولا جا رہا ہے تاکہ سیاح ان مقامات کی سیر کر سکیں۔ سنہا نے کہا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر 22 اپریل (حملے) کے بعد کچھ مقامات کو بند کر دیا گیا تھا۔ کشمیر اور جموں کے ڈویژنل کمشنرز اور پولیس انسپکٹر جنرلز نے ہر ضلع سے رپورٹ حاصل کی ہے، اور مرحلہ وار کچھ مقامات کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع پہلگام میں سالانہ امرناتھ یاترا کے نونوان بیس کیمپ کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ سنہا نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں جن مقامات کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں پہلگام کے مشہور سیاحتی مقام بیٹاب ویلی اور پہلگام بازار کے قریب کے پارکس، اننت ناگ ضلع کے ویری ناگ، کوکرناگ اور اچھبل گارڈن شامل ہیں۔
سرینگر میں بادام واری پارک، نگین کے قریب ڈَک پارک، اور حضرت بل کے قریب تقدیر پارک کو بھی پہلے مرحلے میں دوبارہ کھولا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان آٹھ مقامات کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے اور سیاح ان جگہوں پر جا سکتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی کہا کہ جموں کے علاقے میں بھی آٹھ مقامات کو دوبارہ کھولا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں آٹھ مقامات کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔ اگلے مرحلے میں کچھ دیگر مقامات کو بھی کھولا جائے گا۔