نابالغ کے جنسی اعضا کو چھونا ریپ نہیں:سپریم کورٹ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2025
نابالغ کے جنسی اعضا کو چھونا ریپ نہیں:سپریم کورٹ
نابالغ کے جنسی اعضا کو چھونا ریپ نہیں:سپریم کورٹ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 12 سال سے کم عمر نابالغ بچی کے جسمانی اعضا کو چھونے کے مجرم کو 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس معاملے میں چھتیس گڑھ ہائی کورٹ نے مجرم لکشمن جانگڑے کو ریپ (زیادتی) کا قصوروار قرار دیا تھا، لیکن سپریم کورٹ نے اسے ریپ ماننے سے انکار کر دیا۔

عدالت نے کہا کہ بغیر دخول (نابالغ کے جنسی اعضا میں کسی بیرونی چیز کے داخل ہونے) کے جرم کو ریپ نہیں کہا جا سکتا۔ لکشمن جانگڑے نے اس سال 28 جنوری کو دیے گئے چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے اسے تعزیراتِ ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 376(AB) یعنی 12 سال سے کم عمر بچی کے ساتھ ریپ اور پوکسو ایکٹ کی دفعہ 6 (نابالغ سے دخول پر مبنی جنسی فعل) کے تحت مجرم مانا تھا۔

پوکسو ایکٹ کی دفعہ 6 میں کم سے کم 20 سال کی سزا کا التزام ہے۔ ہائی کورٹ نے اسے 20 سال کی سزا دی تھی۔ اس سے پہلے 2022 میں نچلی عدالت نے بھی انہی دفعات کے تحت اسے مجرم قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ میں جانگڑے کے وکیل نے کہا کہ اس کے خلاف دخول پر مبنی جنسی فعل کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ ریاستی حکومت کے وکیل نے کہا کہ 12 سال سے کم عمر کی بچی کا جنسی استحصال کرنے والے کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملنی چاہیے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس احسان الدین امان اللہ اور جسٹس جوئمالیہ بگچی کی بینچ نے دونوں فریقین کی دلیلوں اور اپنے نتیجے کو درج کرتے ہوئے 7 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس نے کیس کے حقائق کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے۔

متاثرہ نے اپنے کسی بھی بیان میں دخول پر مبنی جنسی فعل کا ذکر نہیں کیا ہے۔ ایف آئی آر، دفعہ 164 کے بیان اور عدالت میں دیے گئے بیان میں کہیں بھی متاثرہ نے یہ نہیں کہا کہ ملزم نے اس کے ساتھ دخول کیا۔ ہر جگہ صرف جسمانی اعضا کو چھونے اور دوسری فحش حرکات کرنے کی بات سامنے آئی ہے۔ ایسے میں یہ تعزیراتِ ہند کی دفعہ 375 کے تحت ریپ کی تعریف میں نہیں آتا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ معاملہ ریپ کا نہیں بلکہ تعزیراتِ ہند کی دفعہ 354 کے تحت عورت کی عصمت دری (مر یادہ بھنگ) اور پوکسو ایکٹ کی دفعہ 10 کے تحت نابالغ پر جنسی حملہ کا ہے۔ ایسے میں عدالت نے اب جانگڑے کو تعزیراتِ ہند کی دفعہ 354 کے تحت 5 سال اور پوکسو ایکٹ کی دفعہ 10 کے تحت 7 سال قید کی سزا دی ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ یہ دونوں سزائیں ایک ساتھ چلیں گی۔