سری نگر / آواز دی وائس
جموں ڈویژن میں شدید بارش کے باعث بارش سے جڑی مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 24 سے زائد مکانات اور پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جموں میں تقریباً تمام آبی ذخائر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہے ہیں، جس کے باعث شہر اور دیگر مقامات پر کئی نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی بھر گیا ہے۔ یہ اطلاع حکام نے دی۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں ڈویژن کے کئی حصوں میں صورتحال ’’انتہائی سنگین‘‘ ہے اور وہ ذاتی طور پر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سری نگر سے دستیاب اگلی پرواز سے جموں جائیں گے۔ حکام نے بتایا کہ جموں-سری نگر اور کشتواڑ-ڈوڈہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک روک دیا گیا ہے، جبکہ کئی پہاڑی سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ یا اچانک سیلاب کی وجہ سے بند یا تباہ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بارش کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر کے طور پر ماتا ویشنوی دیوی مندر کی یاترا بھی روک دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق بارش سے جڑے مختلف واقعات میں گندوہ میں دو اور ٹھٹھری میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ 15 مکانات اور چار پل تباہ ہوگئے۔
ان کے مطابق کشتواڑ، ریاسی، راجوری، رامبن اور پونچھ اضلاع کے بالائی علاقوں سے بھی عوامی اور نجی ڈھانچوں کو نقصان کی اطلاعات ملی ہیں۔ اصل صورتحال کا پتہ زمینی جائزے کے بعد ہی چل سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے مسلسل بارش کے سبب جموں میں آنے والے سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا سری نگر میں جائزہ اجلاس منعقد کیا اور حکام کو ہائی الرٹ پر رہنے اور تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔
عمر عبداللہ نے ‘ایکس’ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ جموں ڈویژن کے کئی حصوں میں صورتحال کافی سنگین ہے۔ میں سری نگر سے دستیاب اگلی پرواز سے جموں جاؤں گا اور ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ اس دوران فوری ریلیف کاموں اور دیگر ضروریات کے لیے ڈپٹی کمشنروں کو اضافی فنڈز فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ مادھوپور بیراج میں پانی کی سطح ایک لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے اور مسلسل بڑھ رہی ہے، جس سے کٹھوعہ ضلع میں راوی دریا کے کنارے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
ان کے مطابق کٹھوعہ میں ترناہ ندی، اوجھ ندی، مگگر کھڈ، سہر کھڈ، راوی دریا اور ان کی معاون ندیوں کا پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے اور خطرے کے نشان کے قریب پہنچ چکا ہے۔
پولیس اور انتظامی حکام بار بار عوام سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ سیلابی دریاؤں سے دور رہیں اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوں۔ حکام نے ضلع وار ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے ہیں اور عوام سے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے ان نمبروں پر رابطہ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک گزشتہ 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش کٹھوعہ ضلع میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 155.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے بعد ڈوڈہ کے بھدرواہ میں 99.8 ملی میٹر، جموں میں 81.5 ملی میٹر اور کٹرا میں 68.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ حکام پہلے ہی ایڈوائزری جاری کر کے عوام سے کہا ہے کہ وہ آبی ذخائر اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں سے دور رہیں۔
موسمی پیشگوئی کے مطابق 27 اگست تک جموں، سانبہ، کٹھوعہ، ریاسی، ادھمپور، راجوری، رامبن، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے کئی مقامات پر درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں بادل پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔