آج کا ہندوستان ہنر کو ترجیح دیتا ہے: مودی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-10-2025
آج کا ہندوستان ہنر کو ترجیح دیتا ہے: مودی
آج کا ہندوستان ہنر کو ترجیح دیتا ہے: مودی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بروز ہفتہ (4 اکتوبر) دہلی کے وگیان بھون میں آئی ٹی آئی (انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ) کے ٹاپرز کو اعزاز سے نوازا۔ وزیر اعظم نے ’’کوشل دِکشناَت سماروہ 2025‘‘ کے دوران 62 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی مختلف نوجوانوں پر مبنی پہل کاریوں کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم پٹنہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے بھی جُڑے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا یہ سماروہ اس بات کی علامت ہے کہ آج کا ہندوستان مہارت (کوشل) کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔ آج ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے تعلیم اور مہارت کی ترقی کی دو بڑی اسکیموں کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دیكشناَت سماروہ کے پیچھے یہی خیال تھا کہ جب تک ہم محنت کو عزت نہیں دیں گے اور صلاحیت رکھنے والے نوجوانوں کو عوامی زندگی میں احترام نہیں دیں گے تو وہ خود کو کمتر محسوس کریں گے۔
آئی ٹی آئی طلبہ کو وزیر اعظم کی مبارکباد
مودی نے کہا کہ کچھ سال پہلے ہماری حکومت نے آئی ٹی آئی طلبہ کے لیے بڑے پیمانے پر ڈگری سماروہ منعقد کرنے کی ایک نئی روایت شروع کی تھی۔ آج ہم سب اس روایت کی ایک اور کڑی کے گواہ ہیں۔ میں ہندوستان کے کونے کونے سے ہمارے ساتھ جُڑنے والے تمام نوجوان آئی ٹی آئی طلبہ کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘
آر جے ڈی پر وزیر اعظم کا حملہ
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے بہار کے ہزاروں نوجوان ہم سے جُڑے ہیں۔ اس نسل کو شاید اندازہ نہ ہو کہ ڈھائی دہائی پہلے بہار کی تعلیمی حالت کتنی بدحال تھی۔ نہ اسکول ایمانداری سے کھلتے تھے اور نہ ہی بھرتیاں ہوتی تھیں۔ مجبوراً لاکھوں بچوں کو بہار چھوڑ کر وارانسی، دہلی اور ممبئی جانا پڑتا تھا۔ یہیں سے اصل ہجرت شروع ہوئی۔ خوش قسمتی سے بہار کی عوام نے نتیش کمار کو حکومت کی ذمہ داری دی اور ہم سب نے دیکھا کہ کس طرح این ڈی اے ٹیم نے مل کر بگڑی ہوئی حالت کو سدھارا۔ آج کے کوشل دِكشناَت سماروہ میں بہار کو ایک نیا کوشل یونیورسٹی ملا ہے، جس کا نام بھارت رتن کَپورِی ٹھاکر کے نام پر رکھا گیا ہے۔
آر جے ڈی حکومت پر تنقید
وزیر اعظم مودی نے بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سابقہ دورِ حکومت میں تعلیمی نظام کی بربادی کو ریاست سے بڑے پیمانے پر ہجرت کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا اور حالات میں بہتری لانے اور بہار کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی تعریف کی۔
راہل گاندھی پر طنز
مودی نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی پر بھی بالواسطہ حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ کَپورِی ٹھاکر سے جُڑے اعزاز کو چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپورِی ٹھاکر کو ’’جن نائک‘‘ کا خطاب سوشل میڈیا ٹرولز نے نہیں دیا بلکہ یہ عوام کے پیار کا اظہار ہے۔
نتیش کمار کی تعریف
مودی نے کہا کہ بہار حکومت نے ریاست کے ترقیاتی عزم کو نیا رخ دیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ گزشتہ 20 سالوں کے مقابلے اگلے 5 سال میں روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد کو دوگنا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ بہار کے نوجوانوں کو روزگار کے لیے باہر نہ جانا پڑے۔
۔5,000 نئے آئی ٹی آئی قائم
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ نہ صرف صنعتی تعلیم کے لیے اہم ہیں بلکہ آتم نربھر بھارت (خود انحصار ہندوستان) کے لیے ورکشاپ کا بھی کام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی میں حکومت نے 5,000 نئے آئی ٹی آئی قائم کیے ہیں، جبکہ 2014 تک ان کی تعداد 10,000 تھی۔
نئی نوجوان مرکوز اسکیمیں
وزیر اعظم نے بہار پر خاص زور دیتے ہوئے 62,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی نوجوان مرکوز اسکیموں کا آغاز کیا۔ انہوں نے 60,000 کروڑ روپے کے سرمایہ کے ساتھ ایک نئی اسکیم ’’پی ایم-سیٹو‘‘ (وزیر اعظم کوشل وکاس و روزگار یوگیتا پروَرتن) کا آغاز کیا جس کے تحت 1,000 سرکاری آئی ٹی آئی کو ’’ہب اینڈ اسپوک ماڈل‘‘ میں جدید بنایا جائے گا۔
بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم
وزیر اعظم نے بہار کی نظرثانی شدہ ’’وزیر اعلیٰ نشچے سویم سہائتہ بھتہ اسکیم‘‘ بھی شروع کی، جس کے تحت ہر سال تقریباً 5 لاکھ گریجویٹس کو دو سال تک 1,000 روپے ماہانہ وظیفہ اور مفت تربیت دی جائے گی۔ ساتھ ہی نئی ’’بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم‘‘ کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت طلبہ کو 4 لاکھ روپے تک کا بلا سود تعلیمی قرض دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم نے ’’جن نائک کَپورِی ٹھاکر کوشل یونیورسٹی‘‘ کا افتتاح بھی کیا جس کا مقصد صنعت پر مبنی کورسز اور پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کر کے عالمی معیار کا ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا ہے۔