آج کا دن ہندوستان کے روشن مستقبل کا اعلان: وزیراعظم نریندر مودی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-05-2026
آج کا دن ہندوستان کے روشن مستقبل کا اعلان: وزیراعظم نریندر مودی
آج کا دن ہندوستان کے روشن مستقبل کا اعلان: وزیراعظم نریندر مودی

 



نئی دہلی: اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت پر پی ایم مودی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے بی جے پی کے ہیڈ کوارٹر میں تقریر کرتے ہوئے بی جے پی کارکنوں کو مبارک باد پیش کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بطور ایک کارکن وہ بی جے پی کے ہر کارکن کی خوشی میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن کئی لحاظ سے خاص ہے اور یہ بھارت کے روشن مستقبل کا اعلان ہے۔ یہ اعتماد کا دن ہے—بھارت کی عظیم جمہوریت پر اعتماد، کارکردگی کی سیاست پر اعتماد، استحکام کے عزم پر اعتماد، اور “ایک بھارت، شریشٹھ بھارت” کے جذبے پر اعتماد۔

انہوں نے مزید کہا کہ گنگوتری سے لے کر گنگا ساگر تک “کمل ہی کمل” کھلا ہوا ہے، یعنی بی جے پی کی جیت کا سلسلہ پورے خطے میں پھیل رہا ہے۔ ان کے مطابق اتراکھنڈ، اتر پردیش، بہار اور اب مغربی بنگال میں بھی بی جے پی اور این ڈی اے مضبوط پوزیشن میں ہیں۔ انہوں نے مختلف ریاستوں—بنگال، آسام، پدوچیری، تمل ناڈو اور کیرالہ—کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کو دکھا چکا ہے کہ وہ “جمہوریت کی ماں” کیوں کہلاتا ہے۔

ان کے مطابق جمہوریت صرف نظام نہیں بلکہ ہماری فطرت اور ثقافت کا حصہ ہے، اور آج نہ صرف جمہوریت جیتی ہے بلکہ آئین کی بھی جیت ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے اس جیت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ برسوں کی محنت جب کامیابی میں بدلتی ہے تو جو خوشی ہوتی ہے وہ آج ملک بھر کے بی جے پی کارکنوں کے چہروں پر نظر آ رہی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ملک کے 20 سے زیادہ ریاستوں میں بی جے پی-این ڈی اے کی حکومتیں ہیں۔ ان کے مطابق ان کا اصول “ناغریک دیوو بھو” (یعنی شہری کو دیوتا کے برابر ماننا) ہے اور ان کی حکومت عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ اسی وجہ سے عوام بی جے پی پر مسلسل زیادہ اعتماد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام یہ صاف دیکھ رہی ہے کہ جہاں بی جے پی ہے وہاں اچھی حکمرانی اور ترقی ہے۔ گزشتہ دو سال کے رجحانات کو دیکھیں تو ہر ریاست میں پارٹی کی کارکردگی مضبوط رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں مسلسل تیسری بار بی جے پی حکومت بنی، مہاراشٹر میں بڑی کامیابی ملی، دہلی میں غیر معمولی جیت حاصل ہوئی، اور بہار میں بھی پارٹی نے بڑی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی صرف ریاستوں تک محدود نہیں بلکہ مقامی بلدیاتی نظام میں بھی نظر آ رہی ہے۔ آسام کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسام کے چائے کے باغات والے علاقوں میں بھی بی جے پی کو غیر معمولی حمایت ملی ہے۔

ان کے مطابق آسام اب ترقی کی رفتار مزید تیز کرے گا۔ انہوں نے پدوچیری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2021 میں پیش کیے گئے ترقیاتی وژن پر عوام نے دوبارہ اعتماد ظاہر کیا ہے، اور این ڈی اے حکومت نوجوانوں اور ماہی گیروں کے لیے کام کرتی رہے گی۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے گنگا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ 2013 میں وارانسی گئے تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ انہیں “ماں گنگا نے بلایا ہے”۔ اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ گنگا ان پر اپنی رحمت برسا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گنگا کے ساتھ ساتھ برہمپترا کا بھی ان پر احسان ہے، اور آسام کے لوگوں نے مسلسل تیسری بار بی جے پی-این ڈی اے پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔۔

اسی دوران بی جے پی رہنما نتن نبیّن نے بھی کہا کہ کارکنوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، کئی خاندانوں نے اپنے افراد کھوئے، اور آج ان سب کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت کی کارکردگی ایسی ہے کہ “پرو انکمبینسی” کی بات ہوتی ہے اور قیادت کے قول و فعل میں کوئی فرق نہیں ہوتا۔