تیرنگا یاترا کیس: آپ ایم ایل اے کی دو ایف آئی آر خارج

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2026
تیرنگا یاترا کیس: آپ ایم ایل اے کی دو ایف آئی آر خارج
تیرنگا یاترا کیس: آپ ایم ایل اے کی دو ایف آئی آر خارج

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے کووڈ-19 پابندیوں کے دوران 2021 میں نکالی گئی ایک تیرنگا یاترا کے معاملے میں عام آدمی پارٹی (آپ) کے رکن اسمبلی کلدیپ کمار کے خلاف درج دو ایف آئی آر منسوخ کر دیں۔ عدالت نے کہا کہ اسی یاترا سے متعلق ایک مقدمے میں انہیں پہلے ہی سزا سنائی جا چکی ہے۔

جسٹس سورن کانتا شرما نے کہا کہ ایک ہی پروگرام کے سلسلے میں تین مختلف تھانوں میں تین ایف آئی آر درج کی گئی تھیں، جبکہ ایک ہی نوعیت کی خلاف ورزی پر دوبارہ سزا دینا آئین میں دیے گئے دوہری سزا سے تحفظ کے اصول کے خلاف ہوگا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ تینوں ایف آئی آر 15 اگست 2021 کو کلدیپ کمار کی قیادت میں نکالی گئی ایک ہی تیرنگا یاترا سے متعلق ہیں۔ اس وقت وہ کندلی اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی تھے۔

عدالت نے اپنے 3 اگست کے فیصلے میں کہا کہ تینوں مقدمات میں الزامات ایک ہی جلوس، ایک ہی مبینہ کارروائی، ایک ہی سرکاری احکامات اور کووڈ پابندیوں کی خلاف ورزی، نیز تعزیراتِ ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 188 کے تحت قابلِ سزا ایک ہی جرم سے متعلق ہیں۔

اس لیے تینوں ایف آئی آر کا دائرہ مکمل طور پر ایک جیسا ہے۔ عدالت نے کہا کہ نیو اشوک نگر تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 353/2021 کے مقدمے میں کلدیپ کمار کو پہلے ہی سزا دی جا چکی ہے، لہٰذا باقی دو ایف آئی آر پر مزید کارروائی جاری نہیں رکھی جا سکتی۔ اکتوبر 2022 میں ایک نچلی عدالت نے کلدیپ کمار کو آئی پی سی کی دفعہ 188 (سرکاری حکم کی خلاف ورزی) کے تحت قصوروار قرار دیتے ہوئے 1,600 روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

کلدیپ کمار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایک ہی واقعے سے متعلق ایک مقدمے میں سزا ہونے کے بعد اسی جرم کے لیے متعدد مقدمات چلانا قانونی طور پر درست نہیں۔ ہائی کورٹ نے استغاثہ کی یہ دلیل بھی مسترد کر دی کہ جلوس کے مختلف تھانوں کی حدود میں داخل ہونے پر ہر بار الگ جرم وجود میں آیا۔ عدالت نے کہا کہ محض اس بنیاد پر کہ جلوس مختلف علاقوں سے گزرا یا پابندیوں کی مبینہ خلاف ورزی جاری رہی، اسے متعدد الگ الگ واقعات نہیں قرار دیا جا سکتا۔ عدالت نے حکم دیا کہ کلیان پوری تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 413/2021 اور غازی پور تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 372/2021 سمیت ان سے متعلق تمام عدالتی کارروائیاں منسوخ کی جاتی ہیں۔