یوپی میں ایس آئی آر کے ذریعے تین کروڑ ووٹر کٹیں گے: اکھلیش یادو

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 13-12-2025
یوپی میں ایس آئی آر کے ذریعے تین کروڑ ووٹر کٹیں گے: اکھلیش یادو
یوپی میں ایس آئی آر کے ذریعے تین کروڑ ووٹر کٹیں گے: اکھلیش یادو

 



لکھنو: اتر پردیش میں ووٹر لسٹ سے متعلق جاری SIR (اسپیشل انٹینسو ریویژن) کے عمل کے درمیان سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے ایک نہایت چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جہاں جہاں بی جے پی ہار جاتی ہے، وہاں ووٹ کٹوا دیے جاتے ہیں۔

اکھلیش یادو کے مطابق اتر پردیش میں تقریباً تین کروڑ ووٹروں کے نام ہٹائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس سیٹ سے وہ خود منتخب ہوئے ہیں، وہاں دو لاکھ ووٹروں کے نام کاٹے جا رہے ہیں۔ اکھلیش یادو نے مزید کہا، جس پارلیمانی حلقے سے میں منتخب ہو کر آتا ہوں، وہاں جو ڈیٹا سامنے آیا ہے، اس کے مطابق دو لاکھ سے زیادہ ووٹ کاٹے جا رہے ہیں۔ ہمارے برابر میں فرخ آباد ہے، جو سماج وادی پارٹی کی سیٹ رہی ہے، وہاں بھی تقریباً دو سے ڈھائی لاکھ ووٹ کاٹے جا رہے ہیں۔ اگر ایک پارلیمانی حلقے میں دو تین لاکھ ووٹ کٹ جائیں تو یہ تشویش کی بات ہے۔

ایس پی سربراہ نے یہ بھی کہا، پورے اتر پردیش میں جو ڈیٹا سامنے آ رہا ہے، اس کے مطابق تقریباً تین کروڑ ووٹ کاٹے جا رہے ہیں۔ ایسے میں آپ الیکشن کیسے کرا رہے ہیں؟ انتخابات تبھی بہتر ہوں گے جب سب کو ووٹ ڈالنے کا موقع ملے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ سب کے ووٹ بنیں، لیکن یہاں جو SIR کی مشق ہو رہی ہے، وہ ووٹ کاٹنے کے لیے ہو رہی ہے۔ جو لوگ این آر سی نہیں کر پائے، ان سے SIR کے ذریعے این آر سی کروائی جا رہی ہے۔

ایس پی سربراہ نے کہا، جب بہار میں SIR شروع ہوا تو تمام سیاسی جماعتوں نے اس کی مخالفت کی۔ ہمیں سپریم کورٹ تک جانا پڑا۔ سپریم کورٹ کی کچھ ہدایات کے بعد الیکشن کمیشن اور حکومت نے بات مانی، لیکن SIR کی مشق ووٹ جوڑنے کے لیے ہونی چاہیے، ووٹ کاٹنے کے لیے نہیں۔

بہار میں بڑے پیمانے پر ووٹ کاٹے گئے، کیونکہ آج بوتھ لیول پر ڈیٹا دستیاب ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ نظام کو منظم (اسٹریم لائن) کرنا چاہتی ہے اور کئی لوگوں کے دو یا تین ووٹ تھے، تو اس پر اکھلیش یادو نے کہا، آپ کے پاس آدھار کارڈ ہے، اس میں پورا ڈیٹا موجود ہے۔ اس میں ریٹینا کی تصویر ہے، ہاتھوں کے فنگر پرنٹس ہیں، تو آپ آدھار کو ووٹر لسٹ سے کیوں نہیں جوڑنا چاہتے؟

اگر آپ آدھار کو ووٹر لسٹ سے جوڑ دیں تو لوگوں کو اتنی پریشانی نہیں ہوگی۔ نہ انہیں فارم بھرنے پڑیں گے اور نہ ہی کاغذات ڈھونڈنے پڑیں گے، لیکن آپ کی نیت صاف نہیں ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا، آپ ڈیٹینشن سینٹر کیوں بنا رہے ہیں؟ الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی ہو رہی ہے، لیکن آپ ڈیٹینشن سینٹر بنا رہے ہیں۔

بی جے پی ایک طرف کہتی ہے کہ ہم ووٹر لسٹ کو درست کر رہے ہیں۔ اگر کسی کا ڈبل ووٹ ہے، کسی کی موت ہو گئی ہے یا کوئی کہیں اور منتقل ہو گیا ہے تو اس کے لیے ریویژن کیا جا رہا ہے۔ لیکن ڈیٹینشن سینٹر کون بنا رہا ہے؟ الیکشن کمیشن بنا رہا ہے یا بی جے پی بنا رہی ہے؟ اس کا مطلب یہ ہے کہ SIR کے ساتھ این آر سی بھی چل رہی ہے۔ جب آپ نے آدھار میں سب کچھ ریکارڈ کر رکھا ہے تو پھر آپ اسے مانگ کیوں نہیں رہے ہیں؟