ایسڈ پینے پر مجبور کرنے والے سماج کے لئے خطرہ : سپریم کورٹ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-12-2025
ایسڈ پینے پر مجبور کرنے والے سماج کے لئے خطرہ : سپریم کورٹ
ایسڈ پینے پر مجبور کرنے والے سماج کے لئے خطرہ : سپریم کورٹ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے زبردستی ایسڈ پینے پر مجبور کیے جانے کے کیسز پر سخت تبصرہ کیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ ایسے مقدمات کو قتل کے کوشش کے طور پر دیکھتے ہوئے کارروائی کی جانی چاہیے اور ملزم کو آسانی سے ضمانت نہیں ملنی چاہیے۔

عدالت نے واضح کیا کہ ایسے لوگ معاشرے میں آزاد گھومنے کے حقدار نہیں ہیں۔ یہ تبصرہ عدالت نے ایسڈ اٹیک کی شکار شاہین ملک کی درخواست کی سماعت کے دوران کیا۔ اس سے پہلے، 4 دسمبر کو عدالت نے مرکزی حکومت سے سوال کیا تھا کہ جن لوگوں کو زبردستی ایسڈ پینے پر مجبور کیا جاتا ہے، انہیں معذوری (Divyang) کا درجہ کیوں نہیں دیا جاتا؟ ساتھ ہی، عدالت نے تمام ہائی کورٹ سے ایسڈ اٹیک کے مقدمات کی تفصیل طلب کی تھی اور کہا تھا کہ ایسے کیسز کی سماعت تسلسل کے ساتھ جلد مکمل کی جائے۔

درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ جن لوگوں کے چہرے یا جسم پر ایسڈ ڈالا جاتا ہے، انہیں “پرسنز وِد ڈِس ایبیلٹی ایکٹ، 2016” کے تحت معذور تسلیم کیا جاتا ہے، لیکن جنہیں زبردستی ایسڈ پینے پر مجبور کیا جاتا ہے، انہیں ایسا درجہ نہیں دیا جاتا۔ اس طرح کے متاثرین کی غذائی نالی اور اندرونی اعضاء جل جاتے ہیں اور وہ شدید تکلیف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوتے ہیں۔

گزشتہ سماعت میں عدالت کے سامنے سولیسیٹر جنرل تشر مہتا نے اعتراف کیا کہ قانون میں تضاد موجود ہے۔ موجودہ قانون صرف ایسڈ حملے سے بیرونی جسمانی نقصان اٹھانے والوں کا ذکر کرتا ہے، اسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسڈ پینے پر مجبور کیے جانے والے متاثرین کو بھی معذوری کا درجہ دے کر تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس کے لیے قانون میں مناسب ترمیم کی جائے گی۔

عدالت نے حکومت کو اس معاملے کے لیے چھ ہفتے کا وقت دیتے ہوئے اگلی سماعت مقرر کی۔ عدالت نے اس دوران ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا، "اس میں کسی دوسری رائے کی گنجائش نہیں کہ ایسے مقدمات میں دھارا 307 کے تحت کیس چلانا چاہیے۔ قانون میں ایسے سنگین اور غیر انسانی کیسز کے لیے خصوصی دفعات شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

ایسے لوگ معاشرے میں آزاد گھومنے کے حقدار نہیں ہیں اور وہ قانون کی حکمرانی کے لیے خطرہ ہیں۔" یاد رہے کہ درخواست گزار شاہین ملک خود ایک ایسڈ اٹیک متاثرہ ہیں۔ 2009 میں پانی پت، ہر یانہ میں ان پر ایسڈ ڈالا گیا تھا۔ ان کی درخواست 2014 میں دہلی کی روہنی کورٹ منتقل کی گئی تھی، مگر ابھی تک مقدمہ مکمل نہیں ہوا۔ شاہین ملک نے اپنے جیسے متاثرین کے حقوق کے لیے لڑائی شروع کی اور اب وہ ایسے کیسز کے لیے سپریم کورٹ پہنچی ہیں جہاں افراد کو زبردستی ایسڈ پینے پر مجبور کیا گیا۔