احمد آباد: بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے سے ایک دن پہلے سمراٹ چودھری کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں ایک شخص کو گجرات کے احمد آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے جمعہ کے روز یہ اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق ملزم شیکھر یادو (32)، جو احمد آباد کے سانند تعلقہ کا رہائشی اور بہار کے بانکا ضلع کا اصل باشندہ ہے، کو جمعرات کو گرفتار کیا گیا۔ احمد آباد (دیہی) کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم پرکاش جاٹ نے بتایا کہ یادو نے مبینہ طور پر گزشتہ منگل کو سمراٹ چودھری کے دفتر میں فون کر کے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ اس دھمکی کے ایک دن بعد سمراٹ چودھری نے بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد بہار کے مونگیر ضلع کے سنگرام پور تھانے میں مجرمانہ دھمکی سمیت بھارتی نیائے سنہتا (BNS) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ افسر کے مطابق گجرات پولیس بہار پولیس کے ساتھ رابطے میں تھی اور نگرانی ٹیم کو اس موبائل نمبر کی بنیاد پر ملزم کا سراغ لگانے اور اسے گرفتار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی جس سے دھمکی دی گئی تھی۔
تکنیکی مدد اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سانند پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ ایس پی نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزم نے اپنا جرم قبول کر لیا۔ پولیس نے کہا کہ یادو کو بہار پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور دھمکی کے پس منظر اور مقصد سمیت دیگر پہلوؤں کی تحقیقات بہار پولیس کرے گی۔ واضح رہے کہ سمراٹ چودھری نے بدھ کے روز بہار کے 24ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔