ڈی پی ایس دوارکا اسکول میں بم دھماکے کی دھمکی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-08-2025
ڈی پی ایس دوارکا اسکول میں بم دھماکے کی دھمکی
ڈی پی ایس دوارکا اسکول میں بم دھماکے کی دھمکی

 



نئی دہلی/آواز دی وائس
دہلی کے ڈی پی ایس دوارکا اسکول کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس وجہ سے اسکول کو فوری طور پر خالی کرایا گیا اور موقع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ پہنچ چکا ہے۔ یہ کوئی پہلی بار نہیں ہے کہ دہلی کے کسی اسکول کو بم کی دھمکی ملی ہو۔ اس سے پہلے بھی ای میل اور موبائل فون کے ذریعے اس طرح کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔ زیادہ تر دھمکیاں جھوٹی ثابت ہوتی ہیں، لیکن اسکول انتظامیہ اور بچوں کے والدین میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔
اس معاملے میں پیر کی صبح ہی دہلی کے ڈی پی ایس دوارکا کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی۔ اب یہ دھمکی کس نے اور کیوں بھیجی، اس بارے میں کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ البتہ احتیاط برتتے ہوئے اسکول کے احاطے کو فوراً خالی کرا دیا گیا۔ اس وقت بھی سرچ آپریشن جاری ہے اور بم اسکواڈ اسکول کے ہر حصے کی باریکی سے تفتیش کر رہا ہے۔ بم اسکواڈ کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کو بھی اطلاع دی گئی تھی اور ان کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔
اس سے پہلے بھی دہلی کے 20 اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ وہ واقعہ بھی کچھ دن پہلے ہی پیش آیا تھا۔ اس معاملے کو لے کر دہلی کی سیاست میں بھی ہلچل مچ گئی تھی۔ سابق وزیراعلیٰ آتیشی نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی تھی۔ انہوں نے ایکس پر لکھا تھا کہ ایک بار پھر کئی اسکولوں کو ایک ساتھ بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ ذرا سوچیے ان بچوں پر کیا گزر رہی ہوگی، ان کے والدین کس کرب سے گزر رہے ہوں گے، اور وہ اساتذہ کس ذہنی دباؤ کا سامنا کر رہے ہوں گے۔ اس وقت بی جے پی کی حکومت چار انجن اپنے کنٹرول میں لے کر بیٹھی ہے لیکن پھر بھی وہ اسکول کے بچوں کو کوئی تحفظ فراہم نہیں کر پا رہی، یہ واقعی تشویش ناک بات ہے۔
ایک اور بڑی بات یہ ہے کہ اب تک جتنی بھی دھمکیاں ملی ہیں وہ سب جھوٹی ثابت ہوئی ہیں۔ پولیس اس زاویے سے جانچ کر رہی ہے کہ آخر کس مقصد کے تحت ایسی دھمکیاں صرف اسکولوں اور کالجوں کو دی جا رہی ہیں۔