نئی دہلی: دہلی کے وزیر آشیش سود نے کہا ہے کہ 7,900 بچے ترنگا (قومی پرچم) لے کر وار میموریل تک دوڑ لگائیں گے تاکہ وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے، کیونکہ ہندوستان جمعہ کو اپنا 79واں یوم آزادی منانے کی تیاری کر رہا ہے۔
آشیش سود نے یہ بات دہلی کے تیاگ راج اسٹیڈیم سے ‘ہر گھر ترنگا’ مہم کے تحت ‘ترنگا رن’ کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد کہی۔ انہوں نے کہا:ملک کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر 7,900 بچے اپنے ہاتھوں میں ترنگا لے کر تیاگ راج اسٹیڈیم سے وار میموریل تک دوڑیں گے اور ان شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جان قربان کی۔
ہر گھر ترنگا’ مہم، ‘آزادی کا امرت مہوتسو’ پہل کا ایک حصہ ہے، جو 2021 میں شروع کی گئی تھی۔ اس کا مقصد لوگوں کو اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرانے کی ترغیب دینا ہے تاکہ ملک سے محبت کا جذبہ پیدا ہو اور قومی پرچم کے بارے میں شعور بڑھے۔
دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کو ہر گھر ترنگا مہم میں "غیر معمولی" شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ہندوستانی عوام میں موجود گہری حب الوطنی اور ترنگے کے لیے ان کے مضبوط فخر کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تصاویر اور سیلفیاں harghartiranga.com پر شیئر کرتے رہیں۔ وزیر اعظم نے وزارتِ ثقافت کی ایک پوسٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے ایکس (X) پر لکھا: "خوشی ہے کہ #HarGharTiranga کو پورے بھارت میں غیر معمولی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ یہ ہمارے عوام کی گہری حب الوطنی اور ترنگے پر مضبوط فخر کو ظاہر کرتا ہے۔
اپنی تصاویر اور سیلفیاں harghartiranga.com پر شیئر کرتے رہیں۔" وزارت ثقافت نے بھی ایکس (X) پر لکھا: ہمیں پورے ملک میں #HarGharTiranga مہم کے لیے لوگوں کے جوش و خروش کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ کشمیر سے لیکر لکشدیپ تک اور گجرات سے سِکّم تک، ترنگا فخر سے لہرانے والے لوگوں کی تصویریں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہر بھارتی شہری کو اپنے قومی پرچم سے گہرا تعلق ہے۔