نئی دہلی / آواز دی وائس
نئی دہلی اسمبلی حلقے سے رکنِ اسمبلی اور دہلی حکومت میں وزیر پرویش ورما نے جمعہ کو اپنے اسمبلی حلقے میں 1000 سی سی ٹی وی کیمروں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر پرویش ورما نے اعلان کیا کہ نئی دہلی اسمبلی حلقے میں کل 8000 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اسمبلی میں 5000 نئے کیمرے نصب ہوں گے۔ جس بھی رہائشی فلاحی ایسوسی ایشن ر پولیس کی طرف سے جہاں جہاں کیمروں کی ضرورت بتائی جائے گی، وہاں یہ کیمرے لگائے جائیں گے۔
پرویش ورما نے کہا کہ تقریباً 7 کروڑ کی لاگت کے کیمرے اس پوری اسمبلی میں لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سے بھی کیمروں کی مانگ آئے گی، وہاں ہر جگہ کیمرے لگائے جائیں گے۔ ان کیمروں میں سم کارڈ ہوگا، جس کے ذریعے انہیں 24 گھنٹے دیکھا جا سکے گا۔ آر ڈبلیو اے ، پی ڈبلیو ڈی اور دہلی پولیس کو ان کیمروں تک رسائی حاصل رہے گی۔ وزیر نے کہا کہ یہ ہماری ماؤں اور بہنوں کی حفاظت کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔
دہلی میں کیمروں کی تنصیب کی شروعات
پرویش ورما نے کہا کہ یہ میرا ہی محکمہ ہے جو پوری دہلی میں کیمرے لگاتا ہے۔ پوری دہلی میں 50,000 کیمرے لگائے جائیں گے جبکہ نئی دہلی اسمبلی میں 8000 کیمرے لگائے جائیں گے۔ آج ہم نے اس کی شروعات والمیکی بستی سے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف میں نے نہیں بلکہ میرے کارکنان نے بھی وعدہ کیا تھا اور ہم آہستہ آہستہ تمام وعدے پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس نہ پیسوں کی کمی ہے اور نہ نیت کی۔
کیا دہلی میں شراب پینے کی عمر کم کرنے پر غور ہو رہا ہے؟
دہلی میں شراب پینے کی عمر کو لے کر کابینی وزیر پرویش ورما نے کہا کہ فی الحال عمر کم کرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہو رہی ہے اور نہ ہی اس پر کوئی غور و فکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب کی پالیسی بنتی ہے اور جو خامیاں ہوتی ہیں، انہیں درست کیا جاتا ہے لیکن فی الحال عمر کو کم کرنے کے لیے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی ہے۔