شارجہ: سابق ہندوستانی اسپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ روہت شرما اور ویراٹ کوہلی جیسے عظیم کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ وہ لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں کچھ خاص کامیابی حاصل نہیں کی۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جوڑی 2027 میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ تک کھیلتی رہے گی۔
روہت کی عمر 38 سال ہے جبکہ ویراٹ کوہلی 37 سال کے ہیں، اور دونوں اب صرف ون ڈے فارمیٹ میں کھیلتے ہیں۔ آیا وہ آئندہ ورلڈ کپ تک کھیلیں گے یا نہیں، اس پر قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر نے اس بارے میں کوئی یقین دہانی نہیں کرائی کہ یہ دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ تک ٹیم کا حصہ رہیں گے یا نہیں۔
ہربھجن نے یہاں کہا، یہ میری سمجھ سے باہر ہے۔ میں اس کا جواب نہیں دے سکتا کیونکہ میں خود ایک کھلاڑی رہا ہوں اور جو کچھ میں دیکھ رہا ہوں وہ میرے ساتھ بھی ہو چکا ہے۔ میرے کئی ساتھیوں کے ساتھ بھی ایسا ہوا ہے، لیکن یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے۔ ہم اس بارے میں بات نہیں کرتے یا اس پر کوئی بحث نہیں کرتے۔
بھارت کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں 417 وکٹیں لینے والے اس گیندباز نے کوہلی اور روہت کے ساتھ کیے جا رہے برتاؤ کے حوالے سے کہا، جب میں ویرات کوہلی جیسے کھلاڑی کو دیکھتا ہوں جو اب بھی شاندار کارکردگی دکھا رہا ہے، تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔ یہ کچھ بدقسمتی کی بات ہے کہ ان کے مستقبل کے بارے میں وہ لوگ فیصلہ کر رہے ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں کچھ خاص حاصل نہیں کیا ہے۔
ون ڈے ورلڈ کپ میں ابھی ایک سال سے زیادہ کا وقت باقی ہے، لیکن ہربھجن نے روہت اور کوہلی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ورلڈ کپ کے دوران بہترین فارم میں ہوں گے اور اگلی نسل کے لیے معیار قائم کریں گے۔ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ہوم سیریز میں مسلسل دو سنچریاں بنائی ہیں، جبکہ روہت نے اپنی پچھلی چار اننگز میں دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کی ہے۔
ہربھجن نے کہا، انہوں نے ہمیشہ رنز بنائے ہیں اور بھارت کے لیے ابتدا سے ہی بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے بطور بلے باز بہت عمدہ کھیل پیش کیا ہے اور ٹیم کی قیادت بھی کی ہے۔ مجھے واقعی خوشی ہے کہ وہ زبردست کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، وہ نئی نسل کے لیے مثال قائم کر رہے ہیں اور دکھا رہے ہیں کہ چیمپئن بننے کے لیے کیا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے درست مثال پیش کرنے پر ویرات کوہلی اور روہت شرما کو مبارکباد۔