ریلی میں عوامی جائیداد کو نقصان کرنے والے کریں گے بھرپائی:مدراس ہائی کورٹ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2025
ریلی میں عوامی جائیداد کو نقصان کرنے والے کریں گے بھرپائی:مدراس ہائی کورٹ
ریلی میں عوامی جائیداد کو نقصان کرنے والے کریں گے بھرپائی:مدراس ہائی کورٹ

 



چنئی : مدراس ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں سے سیکورٹی ڈپازٹ (جمع ضمانت رقم) لینے کے لیے رہنما اصول تیار کرے، جب بھی وہ عوامی اجلاس یا اس طرح کے پروگرام منعقد کرنا چاہیں۔ اس رقم کا استعمال پارٹی کارکنان کی جانب سے عوامی یا نجی املاک کو پہنچنے والے نقصان کی بھرپائی کے لیے کیا جائے گا۔

جسٹس این. ستییش کمار نے ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر ای. راج تلک سے کہا کہ وہ 24 ستمبر تک ایسے رہنما اصولوں کی رپورٹ پیش کریں، جو ان تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر تنظیموں/ایسوسی ایشنز پر لاگو ہوں، جو عوامی میٹنگز، ریلی وغیرہ منعقد کرنا چاہتی ہیں۔

عدالت نے یہ ہدایت ان واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کی، جن میں سیاسی جماعتوں کے بڑے اجتماعات کے دوران عوامی یا نجی املاک کو نقصان پہنچا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ لوگوں کو اکثر نقصان کی تلافی نہیں مل پاتی۔

جج نے وضاحت کی کہ تمل ناڈو پروپرٹی (ڈیمج اینڈ لوس پریوینشن) ایکٹ 1992 بنیادی طور پر عوامی املاک کو نقصان سے بچانے کے لیے بنایا گیا تھا، لیکن اسے 1994 میں ترمیم کے ذریعے نجی املاک کو بھی اس کے دائرے میں شامل کیا گیا۔

جج نے لکھا کہ اس قانون اور اس میں کی گئی ترمیم کا بنیادی مقصد سیاسی جماعتوں یا کسی بھی دیگر گروہ کو، جو مظاہرہ یا بڑا اجتماع کرتے ہیں، اس بات کا ذمہ دار ٹھہرانا ہے کہ اگر عوامی یا نجی املاک کو نقصان پہنچتا ہے تو وہ متاثرہ فریق کو معاوضہ دیں۔ جسٹس کمار نے کہا کہ اگرچہ قانون میں معاوضے کا انتظام موجود ہے، لیکن حالیہ برسوں میں اس پر صحیح طریقے سے عمل درآمد نہیں ہوا۔

اس لیے عدالت کا ماننا ہے کہ بڑے اجتماعات کے دوران ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لیے سخت شرائط عائد کی جانی چاہئیں، جن میں ایک رقم بطور ضمانت جمع کرانا لازمی ہو۔ عدالت نے یہ تبصرے اداکار سی. جوزف وجے کی پارٹی ٹی وی کے (TVK) کی طرف سے دائر ایک درخواست پر عبوری حکم دیتے ہوئے کیے۔ درخواست میں الزام لگایا گیا تھا کہ پارٹی کے انتخابی تشہیری مہم کو اجازت دینے میں امتیازی رویہ اختیار کیا گیا ہے۔

پارٹی نے پولیس پر الزام لگایا کہ اس کے انتخابی پروگراموں کے انعقاد پر سخت شرائط عائد کی جاتی ہیں۔ سینئر وکیل وی. راگھاواچاری نے بتایا کہ تروچی پولیس نے 13 ستمبر کو وجے کی انتخابی مہم کے لیے 23 شرائط عائد کی تھیں۔ ان میں سے ایک شرط یہ تھی کہ حاملہ خواتین، بزرگ اور معذور افراد پروگرام میں شریک نہ ہوں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کوئی پارٹی اپنے پروگرام میں کسی کو آنے سے کیسے روک سکتی ہے؟